تازه خبریں

بجلی گیس و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو فوری طور پر واپس لیا جائے، علامہ عارف حسین واحدی

جعفریہ پریس- شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کی فلاح کیلئے عملی اقدامات اٹھائے، زبانی جمع خرچ سے کچھ حاصل نہ ہوگا، جمہوریت کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجلی کی قیمتو ں میں حالیہ اضافے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام انتخابات میں سیاستدان بہت بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں مگر افسوس برسراقتدار آکر وہ اپنے منشور سے ہٹ جاتے ہیں۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ مہنگائی ہے اور اشیائے ضروریہ عوام کی دسترس سے باہر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز گیس و پٹرولیم کی مصنوعات میں اضافہ کردیا جاتا ہے جبکہ بجلی کی قیمتیں ایک جگہ رک نہیں رہیں بلکہ انہیں بھی ’’پر‘‘ لگ گئے ہیں ۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچائیں پہلے ہی عوام دہشت گردی، لاقانونیت کا شکار ہے جبکہ سردیوں میں بھی ایک طرف ظالمانہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور دوسری جانب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے اس لئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس اضافہ کو واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔