تازه خبریں

عالمی یوم امن پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کا پیغام

پائیدار امن کے لئے ظلم کا خاتمہ لازم ہے قائد ملت جعفریہ پاکستان کا عالمی یوم امن پر پیغام

امن کو عالمی استکباریت، سامراجیت اور صہیونیت سے شدید خطرات، افسوس اقوام متحدہ بے بس ہوچکا، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد نقوی

عالمی یوم امن ایسے موقع پر جب سرزمین انبیاء تاراج کی جاچکی، مشرق وسطیٰ میں آگ و خون کا کھیل جاری، بچوں سمیت بنیادی انسانی انفراسٹرکچر فرعونِ وقت اور اس کے آلہ کاروں کے ہاتھوں تباہ ہوچکا، جب تک ظالم کا ہاتھ نہیں روکا جائے گا، پائیدار قیامِ امن خواب، قائد ملت جعفریہ پاکستان

راولپنڈی/اسلام آباد، 21 ستمبر 2026ء ( جعفریہ پریس پاکستان) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ امن کو عالمی استکباریت، سامراجیت اور صہیونیت سے شدید خطرات ہیں، افسوس اقوام متحدہ بدی کے مرکز (سامراج و صہیون) کو فلسطین سمیت خطے میں بڑھتے مظالم روکنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

عالمی یوم امن پر سرزمین انبیاء تاراج ہوچکی، مشرق وسطیٰ میں آگ و خون کا کھیل جاری ہے، بچوں سمیت بنیادی انسانی انفراسٹرکچر فرعونِ وقت اور اس کے آلہ کاروں کے ہاتھوں تباہ ہوچکا، لازم ہوچکا ہے کہ ظالم کا ہاتھ روکا جائے، مسئلہ فلسطین و مسئلہ کشمیر حل کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یوم امن پر اپنے بیان میں کیا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ 1952ء سے اس روز کو اقوام متحدہ اسی تخصیص کے ساتھ منارہا ہے، خود اقوام متحدہ غزہ سے سوڈان، کانگو، ہیٹی، میانمار اور یمن کا تذکرہ گزشتہ ادوار میں کرچکا، حالیہ دنوں میں تہران کے میناب اسکول کو جنگی جرائم میں شامل کرچکا، مگر افسوس اس کے باوجود سامراجی صدر جس غیر سنجیدگی و دھمکی آمیز رویے کو روا رکھے ہوئے ہیں، اس سے بڑھ کر امن دشمنی کیا ہوگی؟

یوم امن ایسے موقع پر آیا جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس منعقد ہونے جارہا ہے، مگر اس نمائندہ اجلاس کے لیے جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر اور مشرق وسطیٰ میں مسئلہ فلسطین کئی عشروں کے بعد بھی حل نہ ہونا اس کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

جنگیں مزید مسائل پیدا کرتی ہیں، انسانی المیے جنم دیتی ہیں، طاقت کے استعمال نے انسانیت کو امن کے دل فریب نعرے کے ساتھ تہہ تیغ کیا، مگر افسوس نت نئے حیلے بہانوں، سازشوں کے بعد مظالم کے ساتھ اب ایک اور پلان کے تحت ناجائز ریاست اسرائیل کا راستہ مزید ہموار کیا جارہا ہے، جس کا راستہ روکا جانا لازم ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہاکہ جب تک عالمی سطح پر، ریاستی سطح پر اور معاشرتی سطح پر محکوم عوام کو بنیادی حقوق فراہم نہیں کئے جاتے، جب تک بھارت و اسرائیل جیسی غاصب ریاستیں مظلوم کشمیریوں و فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھاتی رہیں گی، دنیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوگا۔