بلوچستان ہماری اولین ترجیح ہے: جنرل قمر جاوید باجوہ
بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان ہماری اولین ترجیح ہے ۔ صوبے کو ملک کے باقی حصوں کے مطابق ترقی دینا سب سے بڑا مقصد ہے ۔آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ چھاونی میں افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے صوبے کے سماجی اور اقتصادی حالات بہتر کرنے اور بڑی تعداد میں فراریوں کے رضا کارانہ ہتھیار پھینکنے کے عمل کو سراہا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کے عوام کی ہے اور عوام کی حمایت سے اپنی ذمے داریاں ادا کرتی رہے گی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر اور ایف سی بلوچستان ہیڈ کوارٹر نے صوبے کی سلامتی کی صورتحال تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف نے صوبے میں دہشت گردوں کی جانب سے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں نمایاں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اب مایوس ہو کر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ آرمی چیف نے صوبے میں سلامتی کی صورتحال میں نمایاں بہتری پر صوبائی انتظامیہ ، فوج ، ایف سی ، پولیس ، انٹیلی جنس اور دوسرے اداروں کی کاوشوں کو سراہا ۔ اس سے پہلے کوئٹہ آمد پر کمانڈر سدر ن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کا استقبال کیا۔