تازه خبریں

شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی 38ویں برسی پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا خصوصی پیغام

شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی 38ویں برسی پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی کا اہم پیغام

شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی 38ویں برسی پر قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام

قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی: شہید قائد نے اتحادِ امت، وحدتِ بین المسلمین اور مظلوموں کی حمایت کا راستہ دکھایا

راولپنڈی / اسلام آباد، 4 اگست 2026ء: قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی 38ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب قائد ملت علامہ عارف حسین الحسینیؒ کو گولیوں کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا گیا۔ اگرچہ ان کا حوالہ مذہبی تھا، تاہم انہوں نے پاکستان میں ایک نئی فکری و عملی سوچ کو فروغ دیا، مظلوم اور محکوم طبقات کی آواز بنے اور اتحاد و وحدت کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید قائد نے مارشل لا کے دور میں نہ صرف عوام کو ان کے حقوق کا شعور دیا بلکہ ہر مکتبِ فکر کے افراد کو اتحاد، وحدت، رواداری اور باہمی ہم آہنگی کا درس بھی دیا۔ انہوں نے عملی طور پر اتحاد بین المسلمین کے لیے جدوجہد کی اور پاکستان کے مسلمانوں کو ایک مضبوط لڑی میں پرونے کی بھرپور کوشش کی، جس کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ شہید قائد کی زندگی امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کے افکار، کردار اور جدوجہد کا گہرائی سے مطالعہ کیا جانا چاہیے تاکہ نئی نسل ان کی فکری میراث سے رہنمائی حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد کی فکر صرف ایک طبقے تک محدود نہیں تھی بلکہ وہ پوری امت، وطن اور مظلوم انسانیت کے لیے امید کا پیغام تھے۔

علامہ ساجد نقوی نے زور دیا کہ شہید قائد کے پیروکار ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے غزہ، فلسطین، لبنان اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں اپنی آواز بلند کریں اور عالمی سطح پر مظلوم اقوام کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھیں۔ ساتھ ہی پاکستان کے اندر محروم اور پسے ہوئے طبقات کو درپیش مسائل کے حل، فرقہ واریت کے خاتمے، طبقاتی تقسیم کے سدباب، بدعنوانی کے خلاف جدوجہد، اخلاقی و معاشرتی اصلاح اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے مکمل عزم اور جذبے کے ساتھ کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینیؒ کی زندگی ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ اتحاد، عدل، حق گوئی، عوامی شعور اور مظلوموں کی حمایت ہی ایک مضبوط، پرامن اور باوقار معاشرے کی بنیاد ہیں۔ ان کی جدوجہد آج بھی امت مسلمہ اور پاکستان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔