تازه خبریں

یوم شہادت امیر المومنین ؑ پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کا پیغام

حضرت علیؑ کی شہادت رحلت پیغمبر ۖ کے بعد تاریخ کا سانحہ کبریٰ ہے قائد ملت جعفریہ

حضرت علی کی شہادت رحلت پیغمبر ۖ کے بعد تاریخ کا سانحہ کبریٰ ہے ، قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی
حضرت علی کا مشن قرآنی تعلیمات کی تحویل و تشریح اور ہر سطح پر عادلانہ نظام کا نفاذ تھا ، قائدملت جعفریہ پاکستان
 پاکستان کے مسائل کا حل بھی شفاف ، منصفانہ، عادلانہ نظام حکومت میں مضمر ہے،21 رمضان المبارک کی مناسبت سے پیغام
راولپنڈی / اسلام آباد21مارچ   2025 ء (     جعفریہ پریس پاکستان      ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے  21 رمضان المبارک کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت علی   ابن ابی طالب  کی شہادت رحلت پیغمبر ۖ کے بعد تاریخ کا سانحہ کبریٰ ہے ، چنانچہ 19رمضان ابن ملجم کی ضرب کے بعد آسمان و زمین کے درمیان یہ صدا بلند ہوئی ” تھدمت وا۔۔۔ہ ارکان الھدی”  خدا کی قسم ہدایت کے ستون گرگئے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ مقدس مشن کیلئے جدوجہد جاری رہنا چا ہیے اگرچہ اس راستے میں جان کی قربانی بھی دینی پڑے اس کے ساتھ ہمیں اس طرف بھی توجہ دینی چاہیے کہ شہید ہونے والی شخصیت کا مشن کے خدو خال کیا تھے تاکہ اس کے زندہ رکھنے کی جدوجہد کی جائے۔ رسول اکرم ۖ نے فرمایا تھا اے علی   میں نے تنزیل پر جنگ کی ہے آپ تحویل پر جنگ کریں گے ،حضرت علی   کا مشن قرآنی تعلیمات کی تحویل و تشریح اور ہر سطح پر عادلانہ نظام کا نفاذ تھا ۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل بھی شفاف ، منصفانہ، عادلانہ نظام حکومت میں مضمر ہے جس میں امیر المومنین  کے مثالی دور کے اصولوں سے استفادہ کرتے ہوئے ظلم کا نام ونشان مٹایا جائے، ناانصافی اور تجاوز کا خاتمہ کیا جائے،تمام شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دستیاب ہوں۔ طبقاتی تقسیم اور تفریق کا خاتمہ کیا جائے۔ اتحادووحدت اور اخوت ورواداری کا عملی مظاہرہ ہو۔ انتہا پسندی، فرقہ پرستی، جنونیت اور فرقہ وارانہ منافرت کا وجودہی باقی نہ ہو۔امن ،خوشحالی کا دور دورہ ہو۔ معاشی نظام قابل تقلید ہو اور معاشرتی سطح امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے ذریعے اتنی بلند ہوجائے کہ دنیا کے دوسرے معاشرے اس کی پیروی کرنے کو اپنے لئے اعزاز سمجھیں۔