جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے یوتھ ونگ، جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلیٰ نے سانحہ فروٹ منڈی میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقیین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا ایک اور بد ترین اور مظلومیت سے بھر پور سانحہ قرار دیا ہے۔ سانحہ اسلام آباد پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سید اظہار بخاری کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے نام پر عوام کو بیوقوف بنایا جارہا ہے اور ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہے۔ دہشت گرد جب اور جہاں چاہیں معصوم اور بیگناہ عوام کے خون سے ہولی کھیلنے میں مصروف ہیں۔ جبکہ دوسری جانب حکمراں طبقے اور مقتدر حلقوں میں اختیارات کی جنگ عروج پر ہے اور عوام کے جان و مال کی کسی کو فکر نہیں۔ انکا مزید کہنا ہے کہ سفاک دہشت گردوں نے غریب اور محنت کش طبقے کو نشانہ بنا کر اپنا مکروہ چہرہ واضح کر دیا ہے۔