تازه خبریں

خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی حیات طیبہ ، اسوہ حسنہ بہترین پیغام ہے، علامہ سبطین سبزواری

لاہور ( ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدرعلامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی حیات طیبہ اور اسوہ حسنہ دنیا بھر کے لئے بہترین پیغام ہے، جوکہ ان کی 63 سالہ زندگی میں ملتا ہے۔رسول اللہ کی اعلان نبوت سے پہلے کی 40سالہ زندگی اوربعد کی 23 سالہ زندگی میں کوئی فرق نہیں۔ دونوں ہمارے لئے نمونہ عمل ہیں، کوئی طبقہ اگر اعلان نبوت سے پہلے کی زندگی کو نظر انداز کرتا ہے تو یہ زیادتی ہے۔احمد مجتبیٰ شروع ہی سے نبی تھے۔جبکہ چھٹے تاجدار امامت حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے علوم اسلامی کا ایسا احیا کیا کہ قرآن و حدیث کو درس گاہ کے ذریعے فروغ دیا کہ فقہ حنفیہ کے بانی حضرت نعمان بن ثابت اور معروف کیمیا دان جابر بن حیان آپ کے شاگردوں میں سے ہیں۔ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے حوالے سے منعقد ہ جشن صادقین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ پیغمبر اکرم نے اعلان نبوت 40۔ سال کی عمر میں کیاتواس میں مصلحت خداوند ی تھی کہ زندگی کا عملی نمونہ انہوںنے دنیا کے سامنے رکھ دیا۔ اور عرب میں انہیں صادق اور امین کے طور پر عملی طور پر قبول کرلیا تو سرور کائنات نے اعلان نبو ت کیا کہ وہ اللہ کے رسول اور آخری نبی ہیں۔ ان کے بعد آسمانوں سے وحی کا نزول بند ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ خاتم الانبیا صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کی حیات مقدسہ پوری دنیا کے انسانوںکے لئے نمونہ عمل ہے۔ وہ انسان کامل ہیں۔ انسانی معاشرے کا کوئی ایسا پہلو نہیں جس کی رہنمائی پیغمبرگرامی قدر کی زندگی سے نہ ملتی ہو۔حضور پر نور کی زندگی امن اور اتحاد کا درس دیتی ہے۔ آپ کے دوسرے ممالک کے حکمرانوں سے تعلقات بہترین سفارت کاری کا نمونہ، میدان جنگ میں بہترین سپہ سالار، گھر میں بہترین خاوند اور باپ ، تحمل برداشت اور صبر کا عظیم نمونہ جبکہ ریاست مدینہ قائم کرکے انہوں نے اسلام کے نظام حکومت کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ جس میں امن اور فلاح و بہبود کا بہترین نظام موجود ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ دنیا میں انسان اللہ کانمائندہ ہے، اور اسے اختیار دیا کہ وہ صالح لوگوں کو اپنی امانتوں کا امین بنائیں۔اسی لئے انسانی رہنمائی کے لئے خالق کائنات نے انبیا کرام علیہم السلام بھیجے ، پیغمبر اکرم کے بعد نبوت کا دروازہ ختم ہوگیا اور ان کی نیابت کے نظام امامت کا آغازہوا۔ جو تاقیام قیامت انسانوں کی رہنمائی کے لئے حجت خدا کی شکل میںدنیا میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ میں تمام مسائل کا حل موجود ہے، جو اس وقت دنیا کو درپیش ہیں۔ جن میں سب سے زیادہ دہشت گردی اور انتہاپسندی ہے۔