جعفریہ پریس- شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے قائداعظم کالونی راولپنڈی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ راولپنڈی اتحاد و حدت کی فضا کو خراب کرنے اور فرقہ واریت کو پھیلانے کی بہت بڑی سازش تھی جسے تمام مسالک کے جید علماء کرام نے بڑی بیداری اور ہوشیاری کے ساتھ ناکام بنادیا.اس مشکل گھڑی میں پوری امت مسلمہ کو پیغام ہے کہ دشمن ہماری صفوں میں دراڑ ڈالنا چاہتا ہے اس لئے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے محبت ، اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو آگے بڑھا تے ہوئے دشمن کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا ۔
علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ راولپنڈی میں نواسہ رسول ؐامام عالی مقام سید الشہداء حضرت امام حسین کے چہلم کے جلوس پر کسی قسم کی محدودیت یا قدغن برداشت نہیں کریں گے ۔اور تمام عزادارن چہلم کے موقع پر بھر پور طریقے سے عزاداری سید الشہدا ء حضرت امام حسین علیہ السلام سابقہ روایات کے مطابق نہایت مذہبی عقیدت و احترام سے منائیں۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ برادران اسلام محبت اور بھائی چارگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سید الشہداء کربلا کے چہلم کے جلوسوں میں شرکت کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے حوالے سے انتظامیہ کی یک طرفہ کاروائی قابل قبول نہیں ہوگی ۔ہمارا انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ سانحہ کے اصل محرکات سامنے لائے جائیں جن کی وجہ سے تاجر برادری سمیت مذہبی عبادت گاہوں کا نقصان ہوا ہے ان چہروں کو بے نقاب کرکے عدالت کے کٹہرے میں لائیں ۔اس ملک میں فرقہ واریت نہیں بلکہ دہشت گردی ہے جو اس ملک کے لئے ناسور ہے جس کے خاتمہ کے لئے تمام اُمت مسلمہ کو متحد ہونا پڑے گا ۔اور اس کے ساتھ ساتھ ریاستی اداروں کو بھی فرقہ وارانہ تعصب سے پاک ہوکر اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا ہوگا اگر اس دہشت گردی کو فرقہ وارانہ رنگ دیا گیا تو اس سے ملک کی سا لمیت خطرہ میں پڑ جائے گی جس کا تدارک وقت کی اہم ضرورت ہے ۔