تازه خبریں

سانحہ راولپنڈی کے خلاف شیعہ علما کونسل راولپنڈی کا مظاہرہ

جعفریہ پریس – سانحہ شہدائے میلاد مصطفی راولپنڈی کیخلاف شیعہ علماء کونسل پاکستان کی کال پر ملک بھر کی طرح شیعہ علماء کونسل راولپنڈی ،جعفریہ یوتھ ،تحریک القائم پاکستان اور جانثاران اہلبیت کے زیر اہتمام پریس کلب ،مری روڈ، راولپنڈی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل راولپنڈی مولانا قاسم جعفری ،سینئر نائب صدر شیعہ علماء کونسل راولپنڈی مولانا سید ضیغم عباس نقوی،مولانا ناصر حسین نجفی ،سید محمود نقوی ڈویژنل جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل راولپنڈی ،سید نزاکت نقوی ضلعی جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل راولپنڈی،راحت کاظمی ،تطہیر رضوی ،زاہد جعفری سمیت دیگر رہنماوں نے کی ۔احتجاجی مظاہرہ میں سینکڑوں مومنین و کارکنان نے شرکت کی ،مظاہرین نے اس موقع پر اپنے ہاتھوں میں بینرز و پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جس پر دہشت گردی میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے تختہ دار پر لٹکانے کے مطالبات درج تھے۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل راولپنڈی کے راہنماؤں نے سانحہ راولپنڈی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کاخاتمہ کرتے ہوئے شہدائے میلاد مصطفی ؐ کے واقعہ میں ملوث افراد کاسراغ لگا کر اور ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو گرفتار کرکے تختہ دار پر لٹکایا جائے ۔اس موقع پر قرار دیں بھی پاس کی گئی جس میں کہا گیا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کو پھانسیاں دینے کا جو عمل شروع کیا ہے اسے جاری رہنا چائیے۔شیعہ علماء کونسل پاکستان آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے ۔اس موقع پر حکو مت سے مطالبہ بھیق کیا گیا کہ عدل و انصاف کے تقاضوں کو پو را کرتے ہوئے قاتلوں کو فی الفور گرفتارکرکے کیفرو کردار تک پہنچایا جائے۔اور اس ملک میں شیعہ سنی صدیوں سے متحد ہیں اور تیسری طاقت اس اتحاد کو پارہ پارہ کرنا چاہتی ہے ان افراد کو بھی ضرب عضب کے نشانہ پر رکھا جائے۔آخر میں شہداء کے لواحقین و پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات کے لئے دعائے مغفرت فرمائی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔بعد ازاں احتجاجی مظاہر ہ پُر امن طور پر اختتام پذیر ہوا ۔