جعفریہ پریس سانحہ پشاور سفاکیت ، ظلم اور بربریت کی بدترین مثال ہے ، ان خیا لات کا اظہار جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سکھر ڈویژن کے صدر غضنفر عباس نے اپنے ایک بیان میں کیا۔غضنفر عباس کا مزید کہنا تھاکہ اس دکھ کو ہم سب سے زیادہ محسوس کرسکتے ہیں کیوں کہ ہم پاکستان میں ایک عرصہ سے دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار رہے ہیں ، اس لیے ہمیں معلوم ہے کہ اپنے پیاروں کے بچھڑنے اور ان کے لاشے اٹھانے کا دکھ کتنا شدید ہوتا ہے۔ ڈویژنل صدر سکھر کا مزید کہنا تھا کہ اگر قائدِ ملتِ جعفریہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کے دیرینے مطالبہ پر عمل کیا جاتا تو یقیناًملک کی یہ صورتحال نہ ہوتی اس لیے ملک کی مقتدر قوتیں اب بھی ہوش کے ناخن لیں اورجیلوں میں موجود سزیافتہ مجرموں کی سزاؤں پر عمل درآمد کروا کر انہیں تختہ ء دار پر لٹکایا جائے۔ غضنفر عباس نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کے اصل مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں جبکہ آپریشن ضربِ عضب کا دائرہ ملک کے دوسرے شہروں تک بھی بڑھایا جائے تاکہ دہشت گردوں کا صفایا ہو سکے۔