تازه خبریں

سپریم کورٹ کی جانب سے فوجی عدالتوں کے حق میں فیصلے کو سراہتے ہیں، شیعہ علماء کونسل پاکستان

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے سپریم کورٹ کی جانب سے اٹھارویں اور اکیسویں ترمیم کے خلاف درخواستوں کے فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے مستقبل میں مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔پوری قوم نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی حمایت کی ہے۔اور پارلیمنٹ کے فیصلوں کی عدالت نے بھی توثیق کردی ۔ہم نے پہلے بھی اٹھارویں اور اکیسویں ترامیم کی بھرپور حمایت کی تھی۔اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہیں۔ ہم ایک جمہوری قوت ہیں اور جمہوریت میں فوجی عدالتوں کا تصور نہیں ہوتا۔مگر وطن عزیز کے معروضی حالات کے پیش نظر عارضی طور پر فوجی عدالتوں کا قیام ناگزیر ہوچکا تھا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے غیر معمولی اقدامات کئے گئے جس کی اب عدالت نے بھی توثیق کی اورسپریم کورٹ کی جانب سے فوجی عدالتوں کے باعث حکومت کو دہشتگردی کنٹرول کرنے اور نیشنل ایکشن پلان پر تیزی سے عملدرآمد کرنے کا موقع مل گیا۔اس وقت پاک فوج دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے نبرد آزماہے۔ہمیں امید ہے کہ اب حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب پر تیزی لاتے ہوئے دہشتگردوں پر آہنی ہاتھ ڈالا جائے گااورملک میں پرامن شہریوں کے قاتلوں سمیت دہشتگردی کے واقعات میں ملوث تمام افراد اور ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے شکنجے میں لا کر انہیں تختہ دار پر لٹکائے جانے کے عمل کو بھی تیز کیا جائے گا۔تاکہ وطن عزیز امن کا گہوارہ بن سکے اورملک میں سیاسی ومعاشی استحکام ممکن ہو اورملک ترقی یافتہ کی صفوں میں شامل ہو سکے ۔