علامہ عارف حسین واحدی مرکزی سیکرٹری شیعہ علماء کونسل شیعہ علماء کونسل پاکستان نے امریکہ اور یورپی یونین کی جانب سے ایران سے پابندیاں اُٹھانے اور پاکستان کے وزیر اعظم کا آرمی چیف کے ہمراہ ثالثی مشن پر سعودی عرب اور ایران کے دورہ کو انتہائی اہم اور خوش آئند قرار دیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستا ن کے پانچ روزہ دورہ کے دوران امپھری روڈ گلگت میں برسی شہید ضیاء الدین رضوی سے خطاب کرنے کے بعد عہدیداران ،کارکنان و مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو بلا تاخیر پانچویں صوبے کا درجہ دیا جائے ۔ اور خطے کی حساسیت اور پاک چین اقتصادی راہدری منصوبے کا بھی یہی تقاضا ہے کہ اس بابت مزید کسی حیل وحجت کے گلگت بلتستان کو پاکستان کاحصہ بنایا جائے ۔انہوں بتایا کہ صوبائی کونسل کے اجلاس میں تین سال کے لئے علامہ سید محمد عباس رضوی کو بلا مقابلہ صوبہ گلگت بلتستان کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ علامہ عارف حسین واحدی نے صوبائی صدر اور کابینہ ارکان سے حلف لیا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں یہ افواہ گردش کر رہی ہے کہ گلگت بلتستان کو تقسیم کیا جا رہا ہے ہم اس کو ملک عزیز پاکستان کے استحکام کے خلاف گہری سازش سمجھتے ہیں ۔ گلگت بلتستان ایک اکائی ہے ان کو الگ کرنے کی کوئی سازش کا میاب نہیں ہونے دی جائیگی۔اس موقوع پر علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ شیخ مرزا علی سمیت دیگر علماء کرام بھی ان کے ہمرایہ تھے ۔ علامہ عارف حسین واحدی نے ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر گلگت بلتستان کے عوام پر زور دیا کہ اگر آپ اپنے صفوں میں میں اتحاد و وحدت برقرار رکھیں گے تو آپ کے حقوق پر کوئی ڈاکہ نہیں ڈال سکتااور اگر آپ میں انتشار ہوگا تو آپ کمزور ہونگے اور یہ خطے کے لئے نقصان دہ ہوگا۔قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا بھی یہی پیغام ہے کے اپنی صفوں میں اتحاد وحدت کو قائم رکھیں۔ آخر میں علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ہم کبھی بھی گلگت بلتستان کے خطے کو تقسیم نہیں ہو نے دیں گے ہمیں متحد ہو کر جی بی کے حقوق کے لئے آواز بلند کر نا ہو گی او ر کسی کو بھی گلگت بلتستان کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے ،علاقے میں شدت پسند وں کے موجود ہونے کے خطرات موجود ہیں ،وال چاکنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے ۔شیعہ علماء کونسل پاکستان جی بی عوام کے فلاح وبہبود اور علاقائی ترقی کیلئے مثبت کردار ادا کررہی ہے اورکرتی رہے گی اور خطے میں امن و امان قائم رکھنے اور اتحاد وحدت کی فضاء قائم رکھنے میں ہمارا کرادار مثالی ہے اور آئندہ بھی رہیگا۔