جعفریہ پریس — قائد محترم کے حکم پر آج شیعہ علماء کونسل سندھ کا اہم اجلاس بلایا گیا جس میں سندھ بلخصوص کراچی کی موجودہ صورت حال پر غور کیا گیا – اجلاس میں علامہ شبیر حسن میثمی کی طرف سے قائد محترم کی دی ہوئی پالیسی بیان کی گئی اور اس پالیسی سے مکمل ہم آہنگی کا اظہار کیا گیا – چیدہ چیدہ نکات کے مطابق فیصلہ ہوا ہے کہ شیعہ علماء کونسل موجودہ صورت حال کے مطابق ملت تشیع کے عمومی مفاد میں متاثرین کی بلا تفریقِ تنظیمی وابستگی ، ہر ممکن قانونی اور اخلاقی مدد فراہم کرے گی لیکن کسی گروپ کے احتجاج میں بطور تنظیم شرکت نہیں کرے گی ، کیوں کہ شیعہ علماء کونسل ہمیشہ امن پسند تنظیم رہی ہے اور قانون و امن کی کوششوں میں کسی صورت دباؤ کے ذریعے مزاحم نہیں ہونا چاہتی – فیصلہ کیا گیا ہے کہ ، اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جاۓ گا اور لمحہ بہ لمحہ صورت حال کا جائزہ لے کر ، ٹکراؤ اور محاذ آرائی سے گریز کرتے ہوۓ حکمت عملی کے ذریعے حل طلب معاملات کو حل کیا جاۓ گا ، تا کہ کسی قسم کے انتشار کے بغیر معاملات آگے بڑھائے جا سکیں – اجلاس میں سندھ کے صوبائی صدر ناظر عباس تقوی – علامہ شبیر حسن میثمی – علامہ جعفر سبحانی – مولانا فیاض مطہری – حسنین مہدی اور دیگر نے شرکت کی –