تازه خبریں

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کا اعلان

جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے آج خواتین اور بچے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کرینگے، سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ او آئی سی مردہ گھوڑا بن چکی، اقوام متحدہ کیوں جرات مندانہ اقدام اٹھانے سے گریزاں ہے، ایسا لگتاہے سب سے بڑا عالمی ادارہ بھی امریکہ و اسرائیل کی لونڈی بن چکاہے
تفصیلات کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کاہنگامی اجلاس قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی زیر سرپرستی منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی و مرکزی ، صوبائی اور ضلع اسلام آباد و راولپنڈی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں غزہ کے معصوم لوگوں پر اسرائیلی جارحیت کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی اس موقع پر فیصلہ کیاگیا کہ آج (جمعرات) اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے مظلوم فلسطینی عوام خصوصاً بوڑھے، بچوں اور خواتین سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ دوسری جانب شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ اسرائیلی جارحیت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے مگر اس معاملے پر اسلامی دنیا کی خاموشی انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہے پوری اسلامی دنیا جل رہی ہے مگر حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ او آئی سی نمائندہ پلیٹ فارم تھا مگر ایسا لگتاہے وہ اب مردہ گھوڑے کی حیثیت اختیار کرچکاہے۔ اس لئے اب ایسے موثر پلیٹ فارم کی تشکیل دینے کی ضرورت ہے جو امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے موثر اور مضبوط الفاظ بلند کرنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے حقوق کیلئے لابنگ کرسکے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ بتائے کہ کیوں اس نے اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی پر خاموشی اختیار کرلی ہے اسے انسانی حقوق کی پامالیاں نظر کیوں نہیں آتیں کیا وہ بھی امریکہ و اسرائیل کی لونڈی بن چکی ہے۔