طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں پمز اسلام آباد منتقل
گزشتہ شام حویلیاں کے قریب تباہ ہونے والے طیارے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں ایبٹ آباد میڈیکل کمپلیکس سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں منتقل کی جارہی ہیں ۔جاں بحق ہونےو الے افراد کے جسدخاکی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے اسلام آباد ہیلی پیڈ لائے گئے جہاں سے انہیں ایمبولینسز کے ذریعے پمز منتقل کیا جارہا ہے ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ہسپتال میں ورثاء کو معلومات کی فراہمی کے لئے خصوصی ڈیسک قائم کردیاگیاہے۔ کیڈکے وزیرمملکت طارق فضل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ابھی تک صرف پانچ میتوں کی شناخت ہوسکتی ہے جبکہ بیالیس میتیں ناقابل شناخت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لواحقین کا ڈی این اے کا نمونہ پمز میں لیاجائے گا ۔ شناخت کے عمل میں چھ سے آٹھ دن لگ سکتے ہیں ۔