جعفریہ پریس- قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ڈیرہ غازی خان کا دوره کیا – تفصیلات کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان جب ڈیرہ غازی خان پہنچے تو جے ایس او ، جعفریہ یوتھ ، شیعہ علماء کونسل کے کارکنان اور علماء کرام سمیت مومنین کی کثیر تعداد نے اپنے محبوب قائد کا گرم جوشی سے شاندار استقبال کیا – ڈیرہ غازی خان میں قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ایک پرھجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور ملکی و قومی صورتحال پر گفتگو کی – حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے جی ایس پی پلس کے حصول کے لیے سزائے موت کے قانون پرعملدرآمد روک رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ عزاداری سیدالشہدا ؑ کے پروگرام اور تقاریب فکر حسینی کی ترویج کا ذریعہ ہیں لہذا عزاداری کے پروگراموں کو روکنا یا ان میں رکاوٹ ڈالنا دراصل فکر حسینی کی ترویج کو روکنے کے مترادف ہے جبکہ عزاداری سیدالشہدا ؑ ہمارا آئینی و قانونی اور شہری حق ہے ۔ پاکستان کے شہریوں کے آئینی و قانونی حقوق اور شہری وانسانی آزادیوں کے تحت ہم یہ بات کہنے میں حق بجانب ہیں کہ عزاداری کے انعقاد کے لئے ہمیں کسی قسم کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں بلکہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی آزادیوں اور حقوق پر قدغن نہ لگائے اور ان کی آزادیوں کی حفاظت کرے اورعزاداری و ماتم داری کے جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے سلسلے میں اپنی انتظامی ذمہ داریاں دیانت داری سے ادا کرے- پریس کانفرنس کے بعد قائد ملت جعفریہ پاکستان نےعلماء کرام، تنظیمی شخصیات اور مومنین کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کی اور ضروری ہدایات دیں. بعداززآں قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی شہدا چوک پہچے جہاں پر انہوں نے شہدا ڈیرہ غازی خان کی یاد میں پروگرام میں شرکت کی اورعلماء کرام و مومنین سے خصوصی خطاب کیا-