جعفریہ پریس- شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے راولپنڈی پریس کلب میں سید محمود علی شاہ ڈویژنل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل راولپنڈی ، مولانا قاسم جعفری ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل راولپنڈی اور مولانا فرحت عباس جوادی کے ہمراہ پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت بحرانوں میں گھرا ہوا ہے اور سب سے بڑا بحران یہ ہے کہ آئین و قانون پر عمل نہیں ہو رہا ،مجرموں کو سزائیں نہیں دی جا رہی ،شرپسندوں کے خلاف قانونی کا روائی نہیں ہو رہی، سزائے موت کے قرآنی قانون کو معطل کر دیا گیا ہےاور مسلمانوں کے خلاف تکفیری نعرے لگانے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی جس سے ملک میں خانہ جنگی کا خطرہ بڑھ چکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سانحہ راولپنڈی لاہور اور کراچی میں ہونیوالے بم دھماکوں،ٹارگٹ کلنگ اور بالخصوص گریسی لائن اثناء عشریہ امام بارگاہ راولپنڈی میں خودکش دھماکے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور جن پولیس اہلکاروں نے اپنی جان پر کھیل کر گریسی لائن میں عزاداروں کو بچایا ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ملک میں امن قائم کرنے کیلئے تمام تر مفادات کو بالا ئے طاق رکھ کرملک کوخانہ جنگی سے بچانے کیلئے شدت پسند دہشتگردوں اور قاتلوں کیخلاف کریک ڈاؤن کر کے انہیں گرفتارکیا جائے اورانکی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ کر کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنا یا جائے-
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ کچھ حلقے میڈیا پرایک نئے ضابطہ اخلاق کی بنیاد پر قانون سازی کی باتیں کر رہے ہیں ہم اس ضابطہ اخلاق کو مسترد کرتے ہیں مجالس عزا کے انعقاد کے لیے انتظامیہ کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے لاؤڈسپیکر پر بھی پابندی لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ منافرت انگیز تقریروں پر پابندی لگائی جائے ۔ہم واضح کرتے ہیں کہ کسی بھی ضابطہ اخلاق کی بنیاد پر قانون سازی کی قطعاً ضرورت نہیں اس لیے کہ اس مقصد کے لیے پہلے سے قوانین موجود ہیں جن پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئے روز ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہو رہے ہیں جن کا سلسلہ رک نہیں رہا ایسے واقعات ملک کی سا لمیت کے خلاف ایک سازش ہیں ذاکر اہلبیت ملک ناصر عباس ملتانی کا قتل بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ناصر عباس کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کیا جائے اورانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ملک بھر میں چہلم امام حسین ؑ عقیدت و احترام سے منایا جائے گا راولپنڈی میں چہلم امام حسینؑ کا جلوس حسب سابق بھر پور اور باوقار طریقے سے نکالا جائے گا ۔ یہ جلوس ہائے عزا 150 سالہ تاریخ رکھتے ہیں جن میں آج تک کسی بھی تاجر کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ تاجران کے اصل نقصان کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جن کے باعث پرامن جلوس میں اشتعال پھیلا اور سانحہ راولپنڈی رو نما ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اب بهی وہی لوگ اپنے مذموم مقاصد کے حصول اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کیلئے سرگرم عمل ہیں تمام سنجیدہ حضرات کو ان سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے-
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے سلسلے میں بے گناہ افراد کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور تشدد کی اطلاعات ہیں جن کی تصدیق کی جار ہی ہے۔ ہم حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بے گناہ افراد کو فوراً رہا کیا جا ئے اور سانحہ کا سبب بننے والے تمام شرپسندوں کو گرفتار کیا جائے ۔
عاشورہ محرم کے موقع پر چشتیاں ضلع بہاولنگر میں مسجد و امام بارگاہ جلا دیئے گئے لوگوں کی املاک اور گھر جلا دیئے گئے شرپسند دندناتے پھر رہے ہیں ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی اس کے برعکس نذ ر آتش کیے جانے وا لے غازی میڈیسن کے مالک یونس بٹ اور دیگر افراد کو ناجائز گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ۔حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شرپسندوں کو گرفتار کیا جائے متاثرہ عوام کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور بے گناہ گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ قائدملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے لاہور، کراچی،راولپنڈی میں ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں کے خلاف ملک بھر میں جمعہ کے روزبھر پور اور پرامن طور پر احتجاج کیاجائے گا ۔