جعفریہ پریس – قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ایک وفد کے ہمراہ راولپنڈی مسجد القائم و امام بارگاہ قصر سکینہ شکریال میں ہونے والے سانحے کی جائے وقوعہ کا معائنہ و مشاہدہ کیا۔ وفد میں مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی ‘ جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی برادر سید اظہار بخاری ‘ علامہ سید مشتاق حسین ہمدانی مرکزی سیکریٹری مالیات ‘ علامہ غلام قاسم جعفری ضلعی صدر ‘ سید محمود نقوی ‘ سید عزادار کاظمی ‘ سید ذکی الحسن زیدی‘ اور دیگر رہنما موجود تھے۔ قائد ملت جعفریہ نے متعدد مقامات پر بات چیت کرتے ہوئے سانحہ شکریال کی پرزور مذمت دہرائی اور حالیہ دہشت گردی کے واقعات بالخصوص سانحہ شکار پور ‘ سانحہ پشاور ‘ سانحہ چٹیاں ہٹیاں راولپنڈی اور سانحہ شکریال راولپنڈی کے محرکات اور حکومت کے ایکشن پلان کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ان واقعات کو حقیقت کی نظر سے دیکھتے ہوئے ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے اور آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار ملک کے ہر کونے اور حصے تک بڑھایا جائے۔
اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نےمختلف گھروں اور کمپلیکس ہسپتال اسلام آباد میں زخمیوں کی عیادت اور ان کی جلد شفا یابی کی دعا کی اور شہداء کی قبور پرفاتحہ خوانی نیز شہداء کے گھروں میں جاکر ورثاء سے تعزیت کی۔