جعفریہ پریس – قائد ملت جعفریہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ وحی الہی کے مطابق مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور یہ امت ایک امت ہے۔لہذا تمام مسالک کے جذبات کو ملحوظ خاطر رکھ کر اخوت’ بھائی چارے’ باہمی احترام’ برداشت اور تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔عاشورا’ امت کی تاریخ میں ایک اہم اور تاریخی موڑ ہے۔ نواسہ رسول اکرمۖ حضرت امام حسین علیہ السلام نے بشریت کے امام و پیشوا کی حیثیت سے جو پیغام بشریت کو دیا اور جو اقدام امت کی اصلاح کے لئے کئے ان کو اس انداز میں پیش کیا جائے کہ تمام مذاہب اس سے استفادہ کرسکیں۔ آمدہ محرم الحرام میں ملک کے تمام مسلمہ اسلامی مکاتب اور مسالک نواسہ پیغمبر اکرم ۖ کی عظیم اور لازوال قربانی کی یاد مناتے ہوئے اپنے اتحاد و وحدت کے ذریعہ تکفیری گروہ اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے’ وطن عزیز اس وقت اندرونی و بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں سرحدی کشیدگی اور داخلی امن و امان کی ناگفتہ بہ صورت حال یہ تقاضا کرتی ہے کہ ریاست اور امن و امان کے ذمہ داران صورت حال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کریں’ ملک کے دیگر حصوں میں بھی قاتلوں اور دہشت گردوں کے خلاف سخت آپریشن لازم و ناگزیر ہے’ سیلاب زدگان کی مکمل بحالی تک کوششیں جاری رکھی جائیں’ موجودہ سیاسی صورت حال میں تمام محب وطن طبقات اور سیاسی قوتوں کو بالغ النظری کا مظاہرہ کرکے افہام و تفہیم کی فضا کو فروغ دینا ہوگا-
کھاریاں’ لالہ موسی ‘ مدینہ سیداں گجرات ‘ سلطان المدارس سرگودھا میں مختلف پروگراموں میں شرکت اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے بعد فیصل آباد میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے دو روزہ مرکزی کنونشن کے اختتامی نشست سے اپنے صدارتی خطاب میں حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ نوجوان ملک کا ہروال دستہ ہیں’ تعلیم پر بھرپور توجہ کے ساتھ ساتھ تربیت کے عمل کو انجام دے کر پاکیزہ اور صالح معاشرہ کے قیام کی کوششیں بھی بے حد ضروری ہیں کیونکہ علم یا تعلیم تھیوری ہے اورعمل یا تربیت پریکٹیکل ہے۔عملی زندگی کے بغیر فقط علم نامکمل ہوتا ہے لہذا علم و عمل لازم و ملزوم ہیں-
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا کہ کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی جارحیت افسوسناک ہے جو بین الاقوامی سفارتی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ہم ارض پاک کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ملک کی داخلی صورت حال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ داخلی امن و وحدت کے دشمن تکفیری گروہ اور دہشت گردوں کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے ۔پاراچنار’ کوئٹہ’ کراچی کے حالیہ سانحات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ تکفیری دہشت گردوں کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں’ عوام یہ سوچنے اور سمجھنے پر مجبورہیں کہ جزا و سزا کا عمل جاری کرکے اور مسلمہ دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکاکر اس لعنت پر قابو پایا جائے نیز ملک کے طول و عرض میں ضرب عضب کی طرز پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے ۔
جعفریہ پریس کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق جب قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی مرکزی کنونشن میں صدارتی خطاب کیلئے تشریف لائے تو اس وقت پنڈال قائد کے فرمان پر جان بھی قربان ہے ، قائد ساجد قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں ، ہم بیٹے کس کے قائد کے ہم بازو کس کے ساجد کے فلگ شگاف نعروں سے گونج اٹھا ۔ قائد ملت جعفریہ کی آمد پر جعفری نوجوانوں کے جذبات قابل دید تھے کسی کی آنکھ اپنے محبوب قائد کے دیدار کی شوق میں اشکبار تھی تو کچھ دوستوں کے لبوں پرفلگ شگاف نعرے ۔ اس کے بعد اسٹیج سے نئے میر کاروان کا اعلان ہوا جب جے ایس او کے سابقہ صدر اور رکن مجلس نظارت جناب پروفیسر منور ساجدی نے نئے میر کاروان برادر وفا عباس کے نام کو بحیثیت نئے منتخب میر کاروان پیش کیا تو پنڈال ایک بار پھر ہم بیٹے کس کے قائد کے ہم بازو کس کے ساجد کے کے فلگ شگاف نعروں سے گونج اٹھا ۔ اس کے بعدنمائندہ ولی ولی فقیہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے حلف لیا اور اس نشست کے اختتام پر صدارتی خطاب فرمایا –