تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ کی قیادت میں راولپنڈی کا مرکزی جلوس اپنے روایتی مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر

جعفریہ پریس – چہلم شہدائے کربلا (ع) کا عظیم الشان جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین سے قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجدعلی نقوی کی قیادت میں برآمد ہوا۔  علی الصبح حسینیوں کا جم غفیر راولپنڈی کی امامبارگاہ کرنل مقبول حسین کے باہر جلوس برآمدگی کا منتظر تھا۔تفصیلات کے مطابق چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے جلوس امام بارگاہ حفاظت علی شاہ،امام بارگاہ کرنل مقبول  امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ ،، امام بارگاہ شہیدان کربلا اور دربار سخی شاہ چن چراغ سے حسب روایت بر آمد ہوئے  اور چوک بوبئر بازار پر اکٹھے ہوگئے،  5 کلو میٹر تک پیدل چل کر قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجدعلی نقوی نے کثیر تعداد شیعہ علماء کونسل کے مرکزی وضلعی عہدیدارن ،جعفریہ یوتھ کے کارکنان اورکثیر تعدادعلماء کرام کے ہمراہ مرکزی جلوس کی قیادت کی- جلوس اپنے روایتی مقررہ راستوں سے ہوتاہواقدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام ہوا۔
اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے عزاداروں سے کہاکہ اس وقت ملک ایک نازک دورسے گذررہاہے اتحاد ووحدت،تحمل برداشت،بردباری اوربھائی چارے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے شرپسند عناصرملک میں مذہبی منافرت پھیلانے کی سازش کررہے ہیں،علماء کرام اتحاد بین المسلمین کاعملی مظاہرہ کرتے ہوئے اس سازش کوبھرپور طریقے سے ناکام بنادیں۔ قائدملت جعفریہ نے علماء کرام وعزاداران امام حسین (ع) کوہرحال میں اخوت بھائی چارے کی فضاکوقائم کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ ہرایسے قول وفعل سے گریز کیاجائے جس سے کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین کاپہلونکلتاہو،انتظامیہ اورپولیس سے امن وامان کے قیام میں بھرپورتعاون کیاجائے اورانہوں نے انتظامیہ اورپولیس کے انتظامات کوتسلی بخش قراردیا۔
حضرت آیت اللہ علامہ سیدساجدعلی نقوی نے اہلیان راولپنڈی بالخصوص تاجربرادری کے تعاون اورمثبت رویئے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں امن وامان قائم رکھنے کاکریڈیٹ شہریان راولپنڈی کوجاتاہے-