تازه خبریں

ملک بھر میں چہلم شہدائے کربلا کے جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہو تے ہو ئے منزل مقصود پہنچ کر اختتام پذیر

جعفریہ پریس – شہدائے کربلا کا چہلم ملک بھر میں نہایت عقیدت اور احترام سے منایا گیا- حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے جانثارساتھیوں کی یاد میں ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس عزا نکالے گئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہو تے ہو ئے منزل مقصود پہنچ کر اختتام پذیرہو گئے۔ جلوس کی گزرگاہوں پر سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے جبکہ جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینر اور خاردار تاریں لگاکر بند کیا گیا تھا۔
کراچی میں چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا۔ نشتر پارک میں مرکزی مجلس سے شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی ر ہنما علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ جلوس اپنے روایتی  راستوں ایم اے جناح روڈ، صدر ایمپریس مارکیٹ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا واپس ایم اے جناح روڈ پہنچا۔ جہاں سے جلوس ریڈیو پاکستان، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا  امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔
حیدرآباد، میرپورخاص، نوابشاہ، جیکب آباد، خیرپور، نوشہرو فیروز، کشمور، گھوٹکی، مورو، شہون، دادو، ٹھٹھہ ، بدین اور ٹنڈومحمد خان سمیت سندھ بھرمیں چہلم کے جلوس نکالے گئے جواپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوئے۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں میں شہدائے کربلا کے چہلم کا جلوس اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا جو اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا- اس کے علاوہ فیصل آباد ، رحیم یار خان ، سیالکوٹ،گوجرانوالہ، ڈیرہ غاذی خان ،راجن پور،چنیوٹ ،بہاولپور  اور سرگودھا سمیت پنجاب بھرمیں  چہلم کے جلوس برآمد ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شریک تھے ۔
کوئٹہ میں بھی چہلم کے موقع پر سیکورٹی انتہائی سخت رہی۔ علمدار روڈ سے برآمد ہونے والا جلوس ہزارہ قبرستان پر اختتام پزیرہوا۔
پشاور میں کوہاٹی کوچہ رسالدار سے مرکزی جلوس برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے گزر کر واپسی وہی پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر فل انتظامات کئے گئے تھے جبکہ پاک فوج کو ریزرو ریڈ الرٹ رکھا گیا تھا۔ پارا چنار،اسکردو ، گلگت ،ہنگو، کوہاٹ اور اوستہ محمد میں نکالے گئے  جلوس اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پزیر ہوئے۔