اہل سنت کی جامع مسجد فاطمۃ الزہراؑ میں مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم کی برسی کی مناسبت سے تحصیل ٹیکسلا کی امن کمیٹی اور ملی یکجہتی کونسل کی طرف سے ایک اجتماع کیا گیا جس کی میزبانی امن کمیٹی ٹیکسلا کے صدر پیر سعید نقشبندی نے کی جس میں تمام مسالک کے جید علماء کرام موجود تھے اس پروگرام کے مہمان خصوصی شیعہ علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی تھے۔ پروگرام کے آخر میں خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی علامہ عارف حسین واحدی نے اس پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم کی امتِ مسلمہ کی اتحاد کے حوالے سے خدمات لائق تحسین ہیں۔ پاکستان میں ملی یکجہتی کونسل اور متحدہ مجلس عمل کا وجود اس امت کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔ اس ماحول میں جب غیروں کے ایجنٹ اس ملک میں فرقہ واریت اور شدت پسندی کو ہوا دے رہے تھے اس موقع پر ایسے اتحادوں کا وجود میں آنا ملی وحدت اور استحکام پاکستان کیلئے نیک شگون تھا۔ یہی پلیٹ فارمز سبب بنے کہ آج اس ملک میں اتحاد و وحدت کی فضاء کو نقصان نہ پہنچ سکا اور فرقہ واریت کی سازش ناکام ہو گئی۔اس ملک کی بدقسمتی کہ سازشی عناصر مسلمانوں کو آپس میں تقسیم کرنے میں سرگرم ہیں حالانکہ تمام دینی مسالک کے مشترکات95فیصداور اختلافات 5فیصدہیں مگر ہمیں اہل بیت اطہارؑ اور صحابہ کرامؓ کے نام پر تقسیم کیا جاتا ہے۔ ہمیں یہود و ہنود کی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے مگر ہم ان سازشوں کے مقابہ میں اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھنے میں کامیاب ہو گئے تو پرچم اسلام سر بلند ہو گا اور امت مسلمہ سرفراز ہو گی۔اس پروگرام میں اقبال اعوان فاروقی صوبائی سیکرٹری اطلاعات جے یو آئی(ف)، پیر سید غلام مصطفٰی شاہ گیلانی رکن مرکزی شوریٰ جمیعت علماء پاکستان نورانی، راجہ طارق محمود جنرل سیکرٹری جمیعت علماء پاکستان ٹیکسلا، پیر سعید نقشبندی صدر امن کمیٹی تحصیل ٹیکسلا، قاضی محمد ادریس سرپرست امن کمیٹی ٹیکسلا، محمد نجیب عباسی ممبر قومی اسمبلی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اجتماع کے آخر میں پیر محمد سعید نقشبندی نے تمام شرکا بالخصوص علامہ عارف حسین واحدی کا شکریہ ادا کیا۔