تازه خبریں

پاکستان بھر میں یوم عاشورا کے جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر، لاکھوں عزاداروں کی شرکت

پاکستان بھر میں یوم عاشورا کے جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر، لاکھوں عزاداروں کی شرکت

یوم عاشورا کے جلوس ملک بھر میں پرامن طور پر اختتام پذیر، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد سمیت تمام بڑے شہروں میں لاکھوں عزاداروں کی شرکت — عزاداری پر پابندی ناقابل قبول قرار

پاکستان بھر میں یوم عاشورا 1447ھ کے مرکزی و ذیلی جلوس عزاداری انتہائی عقیدت، احترام اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہو گئے۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں یوم عاشورا کے جلوسوں میں لاکھوں عزاداروں نے شرکت کی۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، ملتان، فیصل آباد، حیدرآباد، سکھر، مظفرآباد، گلگت، اسکردو سمیت تمام بڑے شہروں میں جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔ ماتمی جلوسوں میں عزاداروں نے نوحہ خوانی، ماتم اور علم، تعزیے و ذوالجناح کے ساتھ شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز، ایف سی اور مقامی رضاکاروں کی بھاری نفری تعینات رہی۔ جگہ جگہ لنگر، سبیلیں، میڈیکل کیمپ اور رضا کار تنظیموں کے اسٹال بھی لگائے گئے۔

اس موقع پر علماء کرام اور عزاداری کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ:
“عزاداری ہماری مذہبی اور شہری آزادی کا مسئلہ ہے، اس پر کسی بھی قسم کی قدغن یا پابندی ہرگز قبول نہیں کی جائے گی۔ آئین پاکستان تمام شہریوں کو اپنے عقائد کے مطابق مذہبی آزادی دیتا ہے، اور عزاداری اسی کا حصہ ہے۔”

جلوسوں کا پرامن اختتام ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اتحاد امت اور آئینی آزادیوں کے تحفظ کا مظہر قرار دیا گیا۔