تازه خبریں

چہلم امام حسین ؑ پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات ،زائرین کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، تفتان بارڈر اور کوئٹہ میں زائرین کا جمع ہونا معمول بن گیا، قیام گاہوں کی کمی کی مشکلات بھی درپیش ہیں ، علامہ عارف حسین واحدی

چہلم امام حسین ؑ پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات ،زائرین کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، تفتان بارڈر اور کوئٹہ میں زائرین کا جمع ہونا معمول بن گیا، قیام گاہوں کی کمی کی مشکلات بھی درپیش ہیں ، علامہ عارف حسین واحدی کی وفاقی سیکرٹری برائے وزارت مذہبی امور سے ملاقات، حکومت کی تعاون کی یقین دہانی

)شیعہ علماء کو نسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی وزارت مذہبی امور و مذہبی ہم آہنگی کے وفاقی سیکرٹری سہیل عامر سے ملاقات،علامہ عارف واحدی نے کہاہے کہ اگر موجود قوانین پر عملدرآمد کیا جائے تو مسائل حل ہوجائینگے، کسی نئی قانون سازی کی ضرورت نہیں، چہلم امام حسین ؑ پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات اور زائرین کا مسئلہ ترجیجی بنیادوں پر مستقل حل کرنے کا مطالبہ، سیکرٹری مذہبی امور کی مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی
بدھ کو شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے ایک وفد کے ہمراہ وزارت مذہبی امور و مذہبی آہنگی کے صدر دفتر میں وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور سہیل عامر سے ملاقات کی۔ وفد میں شیعہ علماء کونسل راولپنڈی کے صدر مولانا غلام قاسم جعفری،جنرل سیکرٹری سید نزاکت حسین شاہ اور میڈیا کوآرڈینیٹرولایت علی بلتی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ عارف حسین واحدی نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ ،چہلم امام حسین ؑ کے حوالے سے سیکورٹی کے معاملات اور زائرین کو آئے روز درپیش مسائل بارے آگاہ کیا جبکہ دیگر مسائل بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ ملک میں پہلے ہی قوانین موجود ہیں اگر ان پر عملدرآمد کرایا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ مسائل حل ہوجائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا روزاول سے اصولی موقف ہے کہ اتحاد سے مسائل حل ہوسکتے ہیں جبکہ مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ تعصبات کے خاتمے کیلئے پہلے سے قوانین موجود ہیں اگر ان پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے تو کوئی مسئلہ درپیش نہیں آئیگا اس سلسلے میں نئی قانون سازی کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے اس موقع پر وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت چہلم امام حسین ؑ پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائے جبکہ ایران و عراق جانیوالے زائرین کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے وفاقی سیکرٹری کو بتایاکہ زائرین کو واپسی پر جہاں سیکورٹی صورتحال کا سامنا ہے وہیں تفتان بارڈر اور کوئٹہ میں ان کیلئے قیام گاہوں کی کمی کے باعث مشکلات بھی درپیش ہیں جبکہ زائرین کا ایک حد سے زائد جمع ہوجانا بھی تشویشناک ہے جس سے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوسکتاہے اس لئے حکومت اس جانب توجہ دے اور مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے جس پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور سہیل عامر نے وزارت مذہبی امور و مذہبی ہم آہنگی کی جانب سے یقین دلایا کہ ان کی تمام گزارشات کو وفاقی وزیر سردار محمدیوسف تک پہنچایا جائے گااور ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔