کوئٹہ، پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملہ انتہائی قابل مذمت، جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار، علامہ ساجد نقوی
حالیہ صورتحال میں ایک جانب سرحدوں پر کشیدگی تو دوسری جانب سیاسی صورتحال ایک مرتبہ پھر گھمبیر ہوگئی
ملکی استحکام کی خاطر حکمرانوں اور سیاستدانوں کو بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
اسلام آباد25 اکتوبر 2016 ء ( )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ سریاب روڈ پر پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کے حقائق کی روشنی میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات کیے بغیر ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں، 59 افراد کی شہادت اور 116 زخمی ہونے والا واقعہ انتہائی کرب ناک اور افسوسناک ہے، موجودہ صورتحال میں حکمرانوں اور سیاستدانوں کو بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی استحکام کیلئے کام کرنا ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پولیس ٹریننگ سنٹر پر ہونیوالے دہشت گردی کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر مذموم کارروائی کرکے ارض وطن کو لہو رنگ کردیا، 59 افراد کی شہادت او100 سے زائد افراد کا زخمی ہونے کا واقعہ انتہائی کرب ناک اور افسوناک ہے لیکن اس سے بھی بڑھ کر افسوس کی بات یہ ہے کہ پے درپے یہ واقعات ملک کے مختلف حصوں میں رونما ہوجاتے ہیں، مذمتی بیانات کی بجائے اب عملی اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ ملک سے دہشت گردی کا جب تک مکمل خاتمہ نہیں ہوجاتا اس وقت تک مکمل اور پائیدار امن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے سانحہ میں جاں بحق افراد کی بلندی درجات جبکہ زخمی ہونیوالے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ملک اس وقت عجیب صورتحال کا شکار ہے ایک جانب سرحدوں پر کشیدگی جاری ہے تو دوسری جانب ملک کی امن واما ن کی صورتحال کسی حد تک بہتر ہوئی لیکن سیاسی صورتحال ایک مرتبہ پھر گھمبیر ہوتی جارہی ہے ایسے حالات میں حکمرانوں اور سیاستدانوں کو بردباری ، تحمل اور مفاہمت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔