ہم نے 70سالہ محرومیوں کا صلہ اور جزاء نہیں مانگا مگر یہ کہ ہمیں الحاق پاکستان کے فیصلے کا مناسب جواب دیا جائے۔ ہماری جان مانگو گے جان دینگے، مال مانگوگے مال دینگے مگر یہ کہ ہماری آئینی حیثیت واضح کر دو۔صوبائی حکومت سے بھی توقع رکھتے ہیں بلاجواز ٹیکس لگانے سے گریز کریں۔ وفاقی حکومت ایسے اقدامات کرے جس سے سی پیک کے دشمن اور پاکستان کے دشمن رسواء ہوجائیں۔مقبوضہ کشمیر کے عوام گلگت بلتستان والوں کی تقلید کریں، جنہوں نے ۳ دن میں ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی۔علامہ شیخ مرزا علی سیکرٹری جنرل اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستاناسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کے زیر اہتمام آئینی حقوق سے متعلق آگاہی مہم کے سلسلے میں پہلا پروگرام بمناسبت 27اکتوبر 1947گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں یوم مردہ باد بھارت کے نام سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں گلگت شہر، نگر کے مختلف مقامات اور اسکردو جامع امامیہ مسجد میں اجتماعات اور ریلیز کا اہتمام کیا گیا۔ گلگت شہر میں امامیہ جامع مسجدسے ریسٹ ہائوس چوک تک ریلی اوراور جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی کے اختتام پر اسلامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں نے خطاب کیا۔ ریلی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شیخ مرزا علی نے کہا کہ آج ہم نے مہاراجہ کشمیر کا گلگت بلتستان کو بھارت کے ساتھ ملحق کرنے کے فیصلے کے خلاف اور گلگت بلتستان کے غیور عوام کا جی۔بی کو پاکستان کے ساتھ ملحق کرنے کے فیصلے کے حق میں یہ ریلی منعقد کی ہے۔ ہمارے آبائو اجداد نے جس مقصد اورجس بنیاد پر گلگت بلتستان کو پاکستان کے ساتھ ملانے کا فیصلہ کیا تھا آ ج کچھ سازشی عناصر اس مقصد اور بنیاد کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سی پیک کو ناکام کروانے کی کوشش کرنے والے آ ج گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کو جواز بنا کر اپنی مذموم سازشوں کو کامیاب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔لہذا ہم ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جلد از جلد گلگت بلتستان کو پاکستان کا آئینی صوبہ بنا کر ان تمام سازشوں کو ناکام بنائیں۔
ضلع نگر چھلت میں بھی بھرپور احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شیخ منیر حسین منوری امام جمعہ والجماعت چھلت نے کہا کہ 27اکتوبر1947 کو گلگت بلتستان کے غیور عوام نے مہاراجہ کشمیر اور بھارت سے اعلان بغاوت کیا اور گلگت بلتستان کی تحریک آزادی شروع کی اور یہ تحریک 32ہزار مربع میل کی آزادی کی صورت میں پایہ تکمیل کو پہنچی۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آج گلگت بلتستان کے عوام 70سالہ طویل انتظار کے بعد بھی اسی جذبے کے ساتھ بھارت سے نفرت جبکہ پاکستان کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہیں۔آئینی آگاہی مہم کے سلسلے کا اگلا پروگرام یکم نومبر 2017کو گولڈن پیک گلگت میں منعقد ہوگا۔