جعفریہ پریس- گلگت بلتستان کے بعض اخبار ات میں یہ بیان آیا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے شیعہ علماء کونسل پاکستان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن قیادت نے کوئی جواب نہیں دیا- اس بیان پرشیعہ علماء کونسل پاکستان کے ترجمان نے تبصرہ کرتے ہو ئے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکز یا صوبہ سے گلگت بلتستان انتخابات کے حوالے سے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا البتہ ہم گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھر پور طریقے سے حصہ لے رہے ہیں ۔ اور ملک کی مختلف سیاسی جماعتیں گلگت بلتستان کے انتخابات کے سلسلے میں رابطہ میں ہیں ۔اور فیصلہ وہی کیا جائے گا جو گلگت بلتستان کے خطہ کی عوام کے مفاد میں ہو گا تاکہ اس خطہ کو آئینی حیثیت مل سکے ،پانچواں صوبہ بنوانا ہمارے منشور کااہم حصہ ہے ۔اس خطہ کے عوام کی فلاح و بہبود اور محرومیوں کو دور کرنے اور خطہ کے مفادات میں جو مناسب ہوا وہی قدم اُٹھائیں گے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم اس خطہ کی بڑی سیاسی جماعت ہیں ۔پہلے بھی ہماری جماعت نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں گلگت بلتستان کے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور انتخابات میں کامیاب ہو کر عوام کی خدمت کی تھی اور اب بھی ہماری جماعت گلگت بلتستان کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔