تازه خبریں

گلگت بلتستان کوقومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی ضرورت ہے،سرتاج عزیز

مشیر خارجہ و چیئرمین آئینی کمیٹی برائے گلگت بلتستان سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ جی بی کی آئینی حیثیت سے متعلق وزیراعظم پاکستان کی طرف سے قائم کمیٹی نے اپنا کام تقریباً مکمل کر لیا ہے اور اب حتمی رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے جو سمری کی شکل میں جلد وزیراعظم محمد نواز شریف کو پیش کی جائے گی یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں انٹرنیشنل گالف چیمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موضوع پر کے پی این کے چیف ایگزیکٹو سعادت علی مجاہد سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر خارجہ نے کہا کہ جی بی قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے ساتھ بھی اس حوالے سے گفتگو ہوئی ہے ، سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو قومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور کمیٹی نے بھی تمام پہلوئوں کا بغور جائزہ لے کر جامع رپورٹ تیار کی ہے مشیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان آئینی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں جلد گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت سے متعلق اعلان کریں گے اور اعلان پر عملدرآمد کے بعد یقینی طور پر جی بی کے عوام کو وہ تمام حقوق میسر ہونگے جو ملک کے دیگر شہریوں کو حاصل ہیں۔