جعفریہ پریس- منگل کے روز کراچی میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ جس میں جے ایس او پاکستان کے سینیئر برادران اور مرکزی مجلس نظارت کے رکن منور عباس ساجدی، دوست علی ونگانی، مرکزی نائب صدر وفا عباس اور جے ایس او  سندھ کے  آرگنائزر امجد علی بھبرو نے شرکت کی۔ اس موقع پر ابتدائی کلمات میں کراچی ڈویژن کے صدر مبشر مہدی نے مہمانان گرامی کو خوش آمدید کے ساتھ کراچی کی صورت حال پر بریفنگ دی اور کراچی ڈویژن میں جے ایس او پاکستان کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے  جے ایس او سندھ کے آرگنائزربرادر امجد علی بھبرو نے کہا کہ اس وقت جہاں ہر شعبہ تعلیم میں جے ایس او کے برادران اعلٰی تعلیمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں، وہیں ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ تمام دوست اپنے آپ کو معنوی اور روحانی طور پر بھی مضبوط کریں۔
امجد علی کا کہنا تھا کہ ہمیں صرف اس چیز کی ضرورت نہیں کہ ملک کی اعلٰی ترین سیٹوں پر ہمارے نوجوان ہوں بلکہ ہمیں اس بات کی ضرورت ہے کہ ملک کی اعلٰی سیٹوں پرمتدین نوجوان براجمان ہوں۔ ہمیں اپنے آپ کو اس طرح کا شیعہ بنانا ہوگا کہ دیکھنے والے فوراً پہچان لیں کہ ہاں یہ علیؑ کا شیعہ ہے۔ ہمیں اپنے کردار میں شیعہ نظر آنا ہے۔ ہمیں حقیقی پیروکار آئمہ بننا ہوگا۔ ہمیں ایسا شیعہ بننا ہے کہ آئمہ معصومین بھی کہیں کہ یہ ہمارا ماننے والا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام نوجوانوں کو چاہیے کہ اپنے اردگرد حالات سے آگاہ رہیں اور ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پر ان کی گہری نظر ہونی چاہیے۔ اب دنیا ایک گلوبل ویلج کی صورت حال اختیار کرچکی ہے۔ آپ کا پوری دنیا اور بالخصوص امت مسلمہ کے حالات سے باخبر ہونا ضروری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here