تازه خبریں

یوم القدس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا دن ہے، مولانا سید بدر الحسنین عابدی

یوم القدس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا دن ہے، مولانا سید بدر الحسنین عابدی

شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن کے صدر مولانا سید بدر الحسنین عابدی نے کہا ہے کہ یوم القدس محض ایک احتجاجی دن نہیں بلکہ قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کا عالمی دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن پوری امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر صہیونی مظالم اور عالمی استعمار کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔

مولانا بدر الحسنین عابدی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر یوم القدس کے اجتماعات، ریلیوں اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور فلسطینی عوام کے حق میں اپنی آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن کی جانب سے شہر بھر میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے جائیں گے، جن میں علماء، طلبہ، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین پوری امت مسلمہ کے ضمیر کا امتحان ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم ہر سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کریں۔ یوم القدس ظالم کے خلاف اور مظلوم کی حمایت میں ہمارا عہد ہے، اور ہم اس مشن کو ہمیشہ جاری رکھیں گے۔