آزادی صحافت بنیادی حقوق میں سے،کسی قسم کی پابندی کی کوئی گنجائش نہیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان
مشکل حالات میں صحافیوں کا کرادر قابل تحسین جو اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر سچ کو عوام کے سامنے لانے کیلئے میدان عمل میں موجود ہیں، علامہ سید ساجد علی نقوی کی عالمی یوم صحافت کے موقع پر صحافتی کمیونٹی کے نام پیغام
اسلام آبا د /راولپنڈی 2مئی 2024ء ( اجعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 3 مئی یوم آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ صحافت ایک اہم ذمہ داری ہے جس کاہدف عوام کی رہنمائی کر نا ، لوگوں تک درست حقائق اور سچ پہنچاناہے ، ہر قسم کے تعصبات ، بے جا طرف داری اور ہر قسم کی جانبداری سے مبرا ہو تے ہوئے تمام معلومات فراہم کرنا ہے،دنیا بھر میں آزادی صحافت کیلئے صحافیوں کی قربانیاں لاتعداد ہیں،اس دن کا مقصد عالمی سطح پرصحافتی آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات کا حصول بھی ہے جس میں آزادی صحافت میں پیش آنے والی مشکلات اور رکاوٹوں کا سدباب بھی کیا جا سکے،انہوںنے پاکستان سمیت دنیا بھر کے صحافیوں خصوصاً فلسطین کی حالیہ صورتحال میں شہید ہونیوالے صحافیوں کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینی صحافیوں نے جانوں کی پرواکئے بغیر جس طرح مظلوموں کی آواز کودنیا تک پہنچایا اور رائے عامہ ہموار کی وہ خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہاکہ آزادی صحافت بنیادی حقوق میں سے ہے اس پر کوئی قدغن نہیںلگائی جاسکتی اورنہ ہی لگانی چاہیے ، آج صحافت کا عالمی دن منانے کا مقصد اور حقیقی تقاضا ہے کہ صحافتی برادری کو صحافی ذمہ داریاں ادا کرنے میں آزادی حاصل ہو ، انکے جائز حقوق کا تحفظ ہو۔ آج پرنٹ میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا کا کردار ناقابل فراموش ہے اسکی اہمیت کو کبھی بھی کسی بھی صورت فراموش یا کم نہیں کیا جا سکتا،مشکل حالات میں صحافیوں کی کرادر قابل تحسین ہے جو اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر سچ کو عوام کے سامنے لانے کیلئے میدان عمل میں موجود ہیں۔انہوںنے کہاکہ صحافت کو انسانی زندگی کو بامقصد بنانے میں کر دار ادا کر نے کیلئے اخلاقیات کو اجاگر کرنے اور پھیلانے میں پورا زور صرف کر نا چاہیے یہ انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے۔