امریکی صدر اسلام دشمن ایجنڈے پر عمل کررہے ہیں، مسلم ریاستیں سوچیں تحاد امت کتنا ضروری ہے، علامہ سبطین سبزواری
مسلم حکمران قرض لیں گے، دولت مغربی بینکوں میں جمع کروائیں گے تو غیرت کے فیصلے کیسے کرسکیں گے، علامہ سبطین سبزواری
لاہور (اسٹاف ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے اسلام دشمن ایجنڈے پر عمل کررہے ہیں۔ وہ اپنی انتخابی مہم میں بھی مسلمانوں کے بارے میں اپنے بغض کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ان کی طرف سے سات ممالک کے شہریوں پر امریکہ میں داخلہ پر پابندی کوئی اچنبے کی بات نہیں۔ ایسے توہین آمیز فیصلوں کے بعد ا ب مسلم ریاستوں کو بھی سوچنا چاہیے کہ اتحاد امت کتنا ضروری ہے۔ ایران جیسا جرات مندانہ جواب دیتے ہوئے دوسرے ممالک کو بھی امریکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنی چاہیے ۔ کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ امت مسلمہ کی خود انحصاری کی پالیسی ہی انہیں اپنا کھویا ہوا مقام واپس دلوااوروقار بلند کرواسکتی ہے۔مسلم ممالک ایک دوسرے کے خلاف سازشیں کرنا بند کردیں اور توانائیاںصرف اسلام دشمنوں کے خلاف استعمال کریں تاکہ مسلمانوںکو کسی ملک کی طرف نہ دیکھنا پڑے۔انہوںنے افسوس کا اظہار کیا کہ مسلم حکمران اپنی دولت مغربی بینکوں میں جمع کرواتے اور عالمی اداروں سے سود پر قرض لے کر اپنی معیشت چلا رہے ہیں تو خود انحصاری اور غیرت کے فیصلے کیسے کرسکیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ اسلامی جمہوری ایران کی اب تک کی پالیسیوں نے ثابت کیا ہے کہ توحید پرست اور اللہ وحدہ لاشریک کے اقتداراعلیٰ پر یقین رکھنے والاکسی کا دست نگر نہیں ہوسکتا۔ وہ امریکہ ، برطانیہ یا روس سے مدد مانگنے کی بجائے خود انحصاری پر عمل کرتا ہے تو دنیا کے ممالک اس کے پیچھے آتے اور اس کی شرائط کے مطابق ایٹمی معاہدہ کرتے ہیں۔ لیکن اسرائیل اور امریکہ کی مدد کی منتیں کرنے والے کبھی کسی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کرسکتے۔ انہوںنے امید کا اظہار کیا کہ امریکی پابندیوں میں سے اچھائی کا پہلو ضرور نکلے گا اور مسلمانوں کو اپنی حیثیت کا اندازہ ہونے کے ساتھ ،خود انحصاری پر عمل اور اتحاد امت کی سوچ پیدا ہوگی۔