امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھاجائے۔ چاہتےہیں کہ بھارت بھی فائربندی معاہدے کی پاسداری کرے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو اس کی کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئے اور پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کیلئے پرعز م ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت دونوں ملکوں کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر حالیہ رابطے کے دوران جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانیوں کے باوجود جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پاکستان معاہدے کی پاسداری کرتا ہے تاہم بھارتی فوج اور ذرائع ابلاغ دونوں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کررہے ہیں اور بھارتی فوج نے گزشتہ شب بھی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس سال کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر جنگ بندی کی 1577 مرتبہ خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں 48 شہری شہید اور 256 زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کی طرف سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر جوابی کارروائی کی۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت کو احساس کرنا چاہئے کہ دو جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور اسے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرتے ہوئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔