اسلام آباد/راولپنڈی 26جولائی 2016ء ( جعفریہ پریس)قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ مجید نظامی دنیائے صحافت کا ایک درخشاں ستارہ ہے، جن کی قومی اور صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،مثبت صحافت اور نظریاتی صحافت کو متعارف کر نے میں ان کا اہم کر دار تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرحوم مجید نظامی کی دوسری برسی کے موقع پر نوائے وقت گروپ کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ حمید نظامی مرحوم اور مجید نظامی مرحوم نے جس ذمہ دارطریقے سے شعبہ صحافت میں مثبت انداز میں کردار ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے ۔ اگر موجودہ حالات کا جائزہ لیا جائے توشعبہ صحافت کو آج بھی ویسے ہی جذبے اور ذمہ داری کی ضرورت ہے جو نظامی برادران نے پروان چڑھائی۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا مزید کہنا تھا جمہوریت کے فروغ اور استحکام کے حوالے سے جس موقف پر نوائے وقت گروپ ڈٹا رہااور آج بھی قائم ہے وہ قابل تعریف ہے ، شعبہ صحافت میں جس جرات کا مظاہرہ مجید نظامی کے دور میں نوائے وقت گروپ نے ادا کیا امید ہے کہ مستقبل میں بھی نوائے وقت گروپ اس اعزاز اور معیار صحافت کو برقرار رکھے گا ۔ انہوں نے کہاکہ مجید نظامی کی شعبہ صحافت اور قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔