تازه خبریں

امریکی سفارتخانے کی منتقلی مسترد کرتے ہیں، مظلوم فلسطینیو ں و کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے

اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ایم ایم اے کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ مستقبل متحدہ مجلس عمل کا ہے، ملک کی پانچ بڑی دینی جماعتوں نے 13 مئی کو بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کیا اور صرف دعوؤ ں کی بجائے عملی طورپر تاریخ کے اجتماع کا اعزاز اپنے نام کیا، ایم ایم اے ہی صحیح معنوں میں عوامی نمائندگی کا حق ادا کرسکتی ہے، جلسہ میں کارکنان نے اپنی مدد آپ کے تحت پہنچ کرنئی تاریخ رقم کی ، کامیاب جلسہ پر قیادت اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے علماء کو میدان عمل میں اترنا ہوگا، امریکی سفارتخانے کی منتقلی کو مسترد کرتے ہیں، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل میں ملک کی پانچ بڑی دینی جماعتیں شامل ہیں جن کا پورے ملک میں ووٹ بینک ہے، آزاد کشمیر سے گلگت بلتستان ، کراچی سے پشاور، پارا چنار سے کوئٹہ تک ملک کے کونے کونے میں ایم ایم اے کا ووٹ بینک ہے جس کا ثبوت مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کرکے اور اپنی مدد آپ کے تحت کارکنان نے ہزاروں کی تعداد میں پہنچ کر دیا، ووٹ کی طاقت سے متحدہ مجلس عمل مستقبل میں حکومت قائم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم جمہوریت اور جمہوری رویوں پر یقین رکھتے ہیں اور ملک میں تبدیلی بھی جمہوری عمل کے ذریعے ہی آئے گی۔انہوں نے کہاکہ مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کرنے پر متحدہ مجلس عمل کی قیادت اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے امت مسلمہ کو متحد کرکے جس طرح ملک میں مذہبی فرقہ واریت کو دفن کیا اسی طرح سیاسی فرقہ واریت کا خاتمہ بھی ووٹ کی طاقت کے ذریعے کرینگے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے عالم اسلام کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جب تک امت مسلمہ باہمی خلفشار کا شکار رہے گی، مسائل ختم ہونے کی بجائے بڑھتے جائینگے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی سفارتخانے کے بیت المقدس منتقلی کو مسترد کرتے ہیں، امریکہ کی استعماریت و شیطانیت واضح ہوچکی، امت مسلمہ کے مسائل کا واحد حل اتحاد میں مضمر ہے ، انہوں نے اسرائیلی قابض و دہشت گرد فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر ہونیوالے حملوں کی مذمت اور شہادتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مظلوم فلسطینی و کشمیری عوام کی حمایت ہر حال میں جاری رکھیں گے، پاکستان کو چاہیے مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حل کیلئے اپنی سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل برسر اقتدار آکر امت مسلمہ کی نمائندگی کا حق ادا کرے گی۔