چین کا بھارت کو واضح پیغام،چینی اور بھارتی وزرائے خارجہ ملاقات کا اعلامیہ جاری
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور بھارتی ہم منصب جے شنکر کی بیجنگ میں ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیاہے ۔
چین کی وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ وانگ ژی نے بھارتی ہم منصب پر واضح کیا ہےکہ بھارتی آئین میں تبدیلی سے کشمیر کا تشخص تبدیل ہوا جوعلاقائی کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کو کشمیر کی صورتحال اور پاکستان ، بھارت کشیدگی پر شدید تشویش ہے اور چین صورتحال کو پیچیدہ بنانے والے ہر یکطرفہ اقدام کا مخالف ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا امید ہے کہ پاکستان اور بھارت مسائل کے پُرامن حل اور علاقائی امن و استحکام کو یقینی بنائیں گے۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ بھارت نے آئین میں تبدیلی سے چین کی سالمیت اور مفادات کو بھی للکارا ہے۔ چین اور بھارت کے مابین سرحدی تحفظ، امن و سلامتی سے متعلق معاہدہ ہے جسے بھارت نظر اندازنہیں کر سکتا۔ وانگ ژی نے کہا کہ امید ہے بھارت باہمی اعتماد کیلئے مزید اقدامات کریگا۔ انہوں نے کہا بھارت سرحدی علاقوں میں غیر ضروری مداخلت بند کرے۔