اسلام آباد19 جولائی 2017 ء( دفتر قائد )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ 27 اکتوبر 1947ءسے اب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سفاکیت جاری ہے لیکن افسوس کشمیری عوام کی مظلومیت عالمی اداروں کو کیوں نظر نہیں آتی، انسانی حقوق ، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں، ، گزشتہ چند ماہ میں سینکڑوں کشمیری ایک مرتبہ پھر شہید کردیئے گئے، پیلٹ گنزکے استعمال سے جوانوں کے ساتھ بزرگ شہریوں ، خواتین اور بچوں تک نشانہ بنایاگیا اور بینائی سے محروم کردیاگیا لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ، حکومت مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھائے، کشمیریوں کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیںگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے کشمیری عوام کے ساتھ یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا ۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ 70 سال سے ہندوستان مظلوم کشمیری عوام کو ریاستی جبر و تشدد اور ظلم کے پہاڑ تو ڑ کر زیر کرنے کی ناکام کوششیں کررہاہے لیکن کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم ہونے کی بجائے مزید مضبوط اور بھرپور طریقے سے ابھر کر سامنے آیاہے۔ انہوںنے مطالبہ کیاکہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور تمام فریقوں کو ان کی خواہشات کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ چند ماہ میں سینکڑوں نہتے کشمیریوں کو شہید کردیاگیا، کئی دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے ، پیلٹ گن کے استعمال سے جوانوں کے ساتھ بزرگ شہریوں ، خواتین اور بچوں تک نشانہ بنایاگیا اور بینائی سے محروم کردیاگیا ،لیکن افسوس انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں، اقوام متحدہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں ۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے، ان کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے، مسئلہ فلسطین و کشمیر عالم اسلام کے سلگتے مسائل ہیں، جنوبی ایشیاکا پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے ۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو مزید موثر انداز میں اٹھائے ، اقوام متحدہ کو بھی چاہیے کہ اس سلسلے میں موثر اقدامات اٹھائے۔