تازه خبریں

گلگت بلتستان میں تعمیراتی و فلاحی منصوبوں کا آغاز سب سے پہلے ہم نے کیا اوراسے پانچواں صوبہ بنانے کا مطالبہ بھی تحریک کا ہی تھا،قائد ملت جعفریہ پاکستان

 جعفریہ پریس –

قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے پولو گرائونڈ اسکردو میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ گلگت بلتستان الیکشن اس خطہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک نئے موڑ کا آغاز ہیں’ اسلامی تحریک پاکستان درحقیقت آپ عوام ہیںاور 8 جون کو عوام کی ہی جیت ہوگی۔اقتدار میں آکر عوامی مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کوآئینی و قانونی حقوق دلانے کی جدوجہد کو تیز تر کریں گے۔تحریک کو یہ امتیاز حاصل ہے کہ سرزمین بے آئین کو آئینی و قانونی حقوق دلوانے کے لئے پہلی آواز بھی ہم نے بلند کی اور گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ بنانے کا مطالبہ بھی تحریک کا ہی تھا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے فقید المثال استقبال کیلئے اسکردو کی عوام ہزاروں کی تعداد میں سکردو پل پہنچ گئے اور اپنے قائد محبوب کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے بہت بڑی تاریخی ریلی کی صورت شہرکے مختلف راستوں سے ہوکرپولو گرائونڈپہنچے جہاں ریلی نے تاریخی جلسے کی صورت اختیار کرلی۔ جلسہ عام سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ اس علاقے کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ مثالی امن ووحدت کے فروغ کے لئے اسلامی تحریک نے بھرپور جدوجہد کی اور یہ جدوجہد اس وقت بھی جاری ہے کیونکہ ملک کے دیگر صوبوں کے طرح اس علاقہ میں بھی ہمارا دستور و منشور علاقائی تعمیر و ترقی’ عوامی خوشحالی اور وحدت و اتحاد کا فروغ ہے اور ان اہداف کے حصول کے لئے مشکلات اور مصائب کے باوجود کوششیں کی گئیں۔مکتب اہل تشیع کے خلاف جو سازشیں کی گئیں ہم نے حکمت و دانائی کا انداز اپناکر پاکستان میں ان سازشوں کا خاتمہ کیا کیونکہ پاکستان بنانے میں ہمارا بنیادی کردار تھا اور اسے بچانے میں بھی فیصلہ کن کردار ادا کرہے ہیں۔اسلامی تحریک پاکستان نے عوام کی خوشحالی وترقی کے لئے کردار ادا کیا اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ اسلامی تحریک کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کرائیں تاکہ وہ اس خطے کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرسکیں۔علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اسلامی تحریک ایک ویژن کے تحت جن جن حلقوں کے امیدواروں کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے یہ فیصلہ ہمارے پارلیمانی بورڈ کی مشاورت سے ہوا البتہ اس کی منظوری ہم نے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سیاست میں پہلی بار حصہ نہیں لے رہے بلکہ ہم شروع سے ہی میدان سیاست میں موجود ہیں اورماضی میں گلگت و بلتستان مخلوط حکومت بھی بنائی تاکہ ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم آنے والی نسلوں کو مضبوط اور مستحکم پاکستان دیں گے جس میں قانون و دستور کی حکمرانی ہو ۔ یہاں کے عوام کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ باہمی میل جول اور تعلقات کے حوالے سے ایک دوسرے کا احترام کریں اور الزام تراشی سے گریز کرتے ہوئے عزت و احترام کے کلچر کو فروغ دیں’ معمولی اختلافات کو اس حد تک نہ لے جائیں جس سے کشیدگی پیدا ہو۔اس موقع پراسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی اور صوبہ سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی سمیت اسلامی تحریک کے امیدواروں نے بھی خطاب کیااور کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام 8 جون کو اسلامی تحریک پاکستان کے انتخابی نشان تالہ چابی کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے۔