جب تک مسئلہ فلسطین و کشمیر حل نہیں کئے جاتے ، اس وقت تک دنیا امن کا گہوارہ نہیں بن سکتی، مرکزی یوم القدس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب
اسلام آباد14 جون 2016ء ( جعفریہ پریس) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ یوم القدس پوری اسلامی دنیا کی طرح پاکستان میں بھی بھرپور طریقے سے منایا جائیگا، کارکنان بھرپور تیاری کریں، قبلہ اول کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے،مسئلہ فلسطین و کشمیر عالم اسلام کے سلگتے مسائل، ان کے حل تک پائیدا ر امن کا قیام شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا،یوم القدس ریلیوں میں شرکت کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو دعوت دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی یوم القدس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں علامہ سید مشتاق حسین ہمدانی، مولانا غلام قاسم جعفری، سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ ، سید جعفر حسین نقوی ،مولانا سید نصیر حسین موسوی ، سید نزاکت حسین نقوی، سید محمد علی کاظمی،سید حسین عباس جعفری اور سید جاوید حسین نقوی نے شرکت کی۔ اس موقع پر یوم القدس کے حوالے سے ریلیوں اور پروگراموں کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا ۔کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین و کشمیر عالم اسلام کے سب سے اہم مسائل ہیں جن کا حل کیا جانا ضروری ہے جب تک مسئلہ فلسطین و کشمیر کا دیرپا حل تلاش نہیں کیا جا تا۔ دنیا میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ۔ ان کامزید کہنا تھا کہ بیت المقدس کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور صیہونی تسلط سے قبلہ اول کو آزاد کرانا مسلمانوں پر فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ہر سال جمعۃ الوداع کو یوم القدس سے منسوب کیاگیاہے، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر پورے ملک میں یوم القدس ریلیاں نکالی جائیں گی ۔ اس موقع پر انہوں نے ممبران پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کارکنان کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بھی اس سلسلے میں آماد ہ کیا جائے ۔