جعفریہ پریس – قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر منعقدہ علمائے اسلام کانفرنس میں ملک بھر کے جید علمائے کرام و اکابرین ملت نے شرکت کی۔ کانفرنس میں مشرق وسطی یمن تنازعہ اور امت مسلمہ خصوصاً پاکستان کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا- کانفرنس کے اختتام پراسلامی تحریک / شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے بارہ نکاتی مشترکہ اعلامیہ پیش کیا-
*۔۔۔قرآن کے حکم کے مطابق اللہ تعالٰی کی رسی کو تھامے رکھیں گے اور تفرقہ میں نہیں پڑیں گے۔
*۔۔۔ اسلام امن و آشتی و رواداری کا درس دیتا ہے، جس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے، علمائے کرام اسی الہٰی پیغام کو عام کریں گے۔
*۔۔۔ استعماری قوتیں عالم اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، علماء کرام و حکمران مسلم اُمہ میں اتحاد و اتفاق کے ذریعے عالمی سامراجی قوتوں کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔
*۔۔۔مختلف مکاتب فکر کے درمیان محبت، رواداری اور افہام و تفہیم کی فضاء قائم کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
*۔۔۔ تمام مسالک کے اکابر اور عقائد کا احترام کیا جائے گا، تکفیریت امت مسلمہ کیخلاف ایک سازش ہے جسے علماء مل کر ناکام بنائیں گے۔
*۔۔۔ مسلکی تنازعات کو باہمی مشوروں اور افہام و تفہیم کے ذریعے طے کیا جائے گا۔
*۔۔۔ تمام مذاہب کے مقدسات کا احترام رکھیں گے اور کسی مسلک و مذہب کے احساسات کو مجروح کرنے سے اجتناب کریں گے۔
*۔۔۔ قومی و ملکی معاملات و حالات کی اصلاح میں تمام مکاتب فکر کے علماء کردار ادا کریں گے۔
*۔۔۔ علماء، خطباء اور مصنفین کی تقریروں اور تحریروں میں توازن و اعتدال پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
*۔۔۔ پاکستان کی سالمیت، تحفظ اور ترقی کیلئے کوششیں کی جائیں گی اور ملک کو دہشتگردی سے نجات دلانے کیلئے کردار ادا کیا جائے گا۔
*۔۔۔ شرکائے کانفرنس حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عالمی برادری پر زور دے کہ تمام انبیائے کرام و مقدس ہستیوں کا احترام لازم قرار دیا جائے۔
*۔۔۔ شرکائے کانفرنس حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کرکے فحاشی و عریانی کا خاتمہ کیا جائے۔