وفاق المدارس الشیعہ پاکستان
جامعتہ المنتظر ، ایچ بلاک ماڈل ٹاون لاہور
تاریخ: 20-02-17
مدار س دینیہ معاشرے کی اسلامی ضروریات کو پورا کرنے میں کوشاں ہیں، منفی پراپیگنڈہ بند ہونا چاہیے، علامہ محمد افضل حیدری
ختم نبوت کے بعد امت مسلمہ کی رہنمائی کا فریضہ علما ادا کررہے ہیں،عوام میں پیدائش سے موت تک کی دینی آگاہی کا فریضہ مدارس ہی اداکررہے ہیں
عقائد میں خلفشار ، احکامات میں تبدیلی کی بات وہ لوگ کرتے ہیں جنہیں دین سے شناسائی نہیں، اجلاس سے خطاب
لاہور ( )وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے کہا ہے کہ مدار س دینیہ معاشرے کی اسلامی ضروریات کو پورا کرنے میں کوشاں ہیں۔ جہان دینی درسگاہیں نہیں ، ان معاشروں میں لوگوں کی اسلامی معلومات اور عبادات سے آگاہی و رغبت کی کیفیت کا انداز ہ کرکے مدارس کی اہمیت کا احساس ہوتاہے۔اجلاس سے خطاب میںانہوں نے کہا کہ خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کی وفات کے بعد نبوت کا دروازہ بند ہوگیا، اس لئے ختم نبوت کے بعد امت مسلمہ کی رہنمائی کا فریضہ علما ادا کررہے ہیں کیونکہ احادیث مبارکہ کے مطابق علما انبیا کے وارث ہیں اور یہ وہ وراثت ہے کہ جس پر عملدرآمد کرنے کے لئے مدارس دینیہ کی تعمیر و ترقی اور طلبا کی بڑھتی ضروریات ضروری ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عقائد میں خلفشار اور احکامات میں تبدیلیوں کی بات وہ لوگ کرتے ہیں جنہیں دین سے شناسائی نہیں، یہ مسئلہ علما اور مدارس کا نہیں ، کیونکہ احکامات دینیہ میں مجتہد کی تقلید ضروری ہے، جس پر تمام دینی ادارے یقین رکھتے ہیں ۔ علامہ محمدافضل حیدری نے کہا کہ اگر مدارس دینیہ نہ ہوتے تو لوگوں کو اسلامی کی بنیادی معلومات نماز ،روزہ، حج ،ذکوٰة ،خمس ، قرآن مجید کا ناظرہ اور حفظ کا علم بھی نہ ہوتا۔ مگر معاشرتی خرافات کے باوجود ان کے خلاف عوام کی آگاہی کا فریضہ مدارس ہی اداکررہے ہیں جو کہ پیدائش سے لے مرنے تک کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی مدرسہ عسکری تربیت دیتا ہے اور نہ ہی ایسی کوئی معلومات ہمارے علم میں ہیں۔پانچوںوفاق المدارس کا نمائندہ فورم اتحاد تنظیمات مدارس پاکستان کی قیادت کا متفقہ فیصلہ ہے کہ کسی بھی مدرسے کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت اگر ریاستی اداروں کے پاس موجود ہیں تو انہیں متعلقہ وفاق المدارس کی قیادت کو اعتماد میں لے ضرور کروائی کرنی چاہیے۔ہمیں اعتراض نہیں ہوگا۔ لیکن سیکولر طبقے کی طرف سے مدارس کے خلاف پراپیگنڈہ بند ہونا چاہیے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مدارس دینیہ کے خلاف ہر زہ سرائی درست نہیں۔ الزام عائد کرنے والوں کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے۔