پاک فوج کا ملک بھر میں آپریشن “رد الفساد “شروع کرنیکا اعلان
پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں آپریشن رد الفساد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں لاہور میں ہونے والے اعلیٰ سطح سکیورٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آپریشن ردالفسادکا قومی لائحہ عمل کے تحت عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرکے ملکی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد میں بحریہ، فضائیہ، تمام سیکورٹی ادارے، سول آرمڈ فورسز اور خفیہ ایجنسیاں معاونت فراہم کریں گی۔ پنجاب میں رینجرز انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں کرے گی۔ سرحدوں پر سیکورٹی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ ملک کو غیرقانونی اسلحے اور بارود سے پاک کیا جائے گا۔آپریشن کا مقصد اب تک کی کامیابیوں کو مستحکم کرنا اور دہشت گردی کے بچےکچھے خطرات کو ختم کرنا ہے۔اجلاس میں پنجاب بھر کے کورکمانڈرز، ڈی جی رینجرز پنجاب اور خفیہ ایجنسی کے سربراہوں نے شرکت کی۔