تازه خبریں

سرمایہ دارانہ و طبقاتی نظام مسائل کی جڑ، وسائل کی منصفانہ تقسیم کا نظام وضع کرنا ضروری ، قائد ملت جعفریہ پاکستان ساجد نقوی

سرمایہ دارانہ و طبقاتی نظام مسائل کی جڑ، وسائل کی منصفانہ تقسیم کا نظام وضع کرنا ضروری ، قائد ملت جعفریہ پاکستان ساجد نقوی
بجٹ میں صحت و تعلیم کے شعبے ترجیح اور غریب عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان
اسلام آباد 24مئی 2017 ء(    )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ سرمایہ دارانہ اور طبقاتی نظام معاشرے میں بگاڑ کی بنیادی وجہ، صحیح معنوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کا نظام وضع کرنا ضروری، بجٹ 2017-18ءمیں عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کےلئے حقیقی معنوں میں اقدامات اٹھائے جائیں، جو وعدے انتخابی منشور میں کئے گئے انہیں پورا کیا جائے، ، مزدور سمیت زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانیوالوں کےلئے سہولیات فراہم کی جائیں، بجٹ میں صحت و تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے ،
ان خیالات کا اظہارانہوںنے بجٹ 2017-18ءکے پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ کی آمد آمد ہے ، ہرسال بجٹ پیش کئے جاتے ہیں جس سے عوام کو بہت سی توقعات ہوتی ہیں لیکن بجٹ کے بعدپورا سال منی بجٹ کا سلسلہ بھی جاری رہتاہے اور عوام کو اگر کہیں تھوڑا بہت نام کا ریلیف دیا بھی جائے تو ظالمانہ ٹیکسوں کے بوجھ اور عالمی اداروں کی پالیسیوں کو پروان چڑھانے کیلئے وہ بھی ختم ہوجاتاہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کےلئے حقیقی معنوں میں اقدامات کرنا ہونگے، سب سے پہلے سرمایہ دارانہ اور طبقاتی نظام کے متبادل سسٹم مرتب کرنے کی ضرورت ہے، حکمرانوں کو چاہیے اس سلسلے میں کوئی اقدام اٹھائیں جب تک صحیح معنوں میں وسائل کی منصفانہ تقسیم کا نظام وضع نہیں ہوگا طبقاتی خلیج بڑھتی جائےگی اور غربت و مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ بھی ہوتا رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ بجٹ 2017-18ءچند روز میں قومی اسمبلی و سینیٹ میں پیش ہوگا دوتہائی اکثریت کے ساتھ یہ منظور بھی ہوجائےگا لیکن کیا حکمران اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے پورے کریںگے۔ اس وقت ایک طرف عوام مہنگائی، بے روزگاری کا شکار ہیں تو دوسری جانب امن و امان کی صورتحال بھی بہتر نہیں ، آئے روز خودکشیوں کی خبریں بھی گردش کرتی رہتی ہیں ایسے حالات میں ایسا بجٹ ضرور پیش کیا جائے جس سے کم از کم یہ محسوس ہوکہ واقعی غریب عوام کو ریلیف ملا۔ انہوںنے کہاکہ بجٹ میں مزدور، کسان سمیت زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ جانیوالوں کےلئے حقیقی معنوں میں سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ صحت و تعلیم کے شعبوں پرخصوصی توجہ دی جائے۔