کورکمانڈرکانفرنس, جیوسٹریٹجک،ملکی سکیورٹی صورتحال کاجائزہ
بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں راولپنڈی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں جیوسٹرٹیجک اور ملکی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ آپریشن ردالفساد اور خوشحال بلوچستان پروگرام کے حوالے سے بھی امور زیرغور آئے۔
شرکاء نے دہشت گردی کو مسترد کرنے اور امن کی واپسی کے لئے بہادر قوم، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام فریقوں کی قربانیوں اور کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ استعداد کار میں اضافے کے ساتھ محفوظ بنائے گئے علاقوں کو سول انتظامیہ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امن کے ثمرات ترقیاتی کاموں اور استحکام کی صورت میں ہر سطح پر پہنچنے چاہئیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ عوامی خواہشات کے مطابق فاٹا کی قومی دھارے میں شمولیت ضروری ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ قومی اداروں کے تعاون سے وطن عزیز میں امن، استحکام اور خوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔