فتح بدر (17 رمضان المبارک) کی مناسبت سے قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پیغام
راولپنڈی/اسلام آباد، 6 مارچ 2026ء ( جعفریہ پریس پاکستان) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے فتح بدر (17 رمضان المبارک) کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجاہدین بدر نے قلت کے باوجود جس عزم و استقلال اور ایمان کے ساتھ اسلام کا دفاع کیا اور اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا، اس کی مثال غزوہ بدر سے پہلے اور بعد میں تاریخ میں کہیں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ کثرت پر قلت کا غلبہ پہلی مرتبہ غزوہ بدر میں دیکھنے کو ملا جس سے رہتی دنیا تک مسلمانوں اور مجاہدین کو یہ سبق ملا کہ وہ افراد کی قلت اور وسائل کی کمی کی وجہ سے پریشان نہ ہوں بلکہ ایمان، یقین اور سچے جذبے کے ساتھ جدوجہد کریں تو بڑی سے بڑی ظالم طاقت کو بھی شکست دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی عظیم قیادت اور الٰہی رہنمائی کے زیر نگرانی اسلام کے پہلے معرکے میں جس طرح جرات، بہادری اور قربانی کی مثالیں قائم کی گئیں وہ اسلامی تاریخ کا عظیم سرمایہ ہیں۔
علامہ ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ محافظ رسالت حضرت علی علیہ السلام نے جس دلیری کے ساتھ میدان بدر میں کفار کا مقابلہ کیا اور دشمنوں کو واصل جہنم کیا، یہ جذبہ ہر مجاہد اور حریت پسند کے لیے نمونہ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شعب ابی طالب کا محاصرہ کے دوران سختیوں اور پابندیوں کے باوجود بنو ہاشم نے جس استقامت کے ساتھ اسلام کا دفاع کیا وہ بھی تاریخ اسلام کی روشن مثال ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے زور دے کر کہا کہ غزوہ بدر توکل علی اللہ اور رسالت مآب ﷺ کے احکام و پالیسیوں پر کامل یقین کے ساتھ عمل کرنے کا واضح مظاہرہ ہے۔ جس طرح اصحاب بدر نے کم تعداد اور محدود وسائل کے باوجود حکم رسول ﷺ کی اطاعت کی اور قربانی سے دریغ نہیں کیا، اسی طرح اگر آج کے مسلمان بھی سچے جذبے اور کامل ایمان کے ساتھ اسلام کے دفاع کے لیے اصحاب بدر جیسا جذبہ پیدا کریں تو کوئی طاقت اسلام کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔