تازه خبریں

ایران پر سامراجی جارحیت کے خلاف پاکستان میں احتجاجی مظاہرہ

ایران پر حملے اور رہبر انقلاب کی شہادت کے خلاف پاکستان بھر میں احتجاج

ایران پر حملے اور رہبر انقلاب کی شہادت کے خلاف پاکستان بھر میں احتجاج

اسلام آباد/کراچی، 6 مارچ 2026ء (جعفریہ پریس ) پاکستان بھر میں جمعہ کے روز ایران پر سامراجی جارحیت اور رہبرِ انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ مختلف شیعہ اور سنی مذہبی و سیاسی جماعتوں کی اپیل پر ملک کے بڑے شہروں میں عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔

رپورٹس کے مطابق کراچی سے لے کر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کیے گئے جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے سامراجی قوتوں اور صہیونی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مختلف شہروں میں منعقدہ احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ایران پر حملہ دراصل پوری امتِ مسلمہ پر حملہ ہے اور اس کے خلاف عالم اسلام کو متحد ہو کر آواز بلند کرنا ہوگی۔ مقررین نے رہبر انقلاب کی شہادت کو امت مسلمہ کے لیے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد اور مزاحمت کا راستہ جاری رہے گا۔

مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال کو مزید بڑھنے سے روکا جائے۔

احتجاجی مظاہروں میں شریک افراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ظلم و جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنا جاری رکھا جائے گا اور مظلوم اقوام کے ساتھ یکجہتی کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔