تازه خبریں

سید فتح رضوی جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے طلبہ گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے

قائد ملت کی اپیل پر کل 6 مارچ ملک بھر میں احتجاج کرینگے جے ایس او پاکستان

اسلام آباد: جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے ملک بھر میں سامراجی جارحیت کے خلاف ہونے والے پُرامن احتجاجی مظاہروں کے دوران بلاجواز گرفتار کیے گئے بے گناہ شہریوں اور بالخصوص طلباء کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔

مرکزی صدر سید فتح رضوی کی جانب سے جاری بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام بے گناہ افراد کو فی الفور رہا کیا جائے، جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات ختم کیے جائیں اور پُرامن مظاہرین پر فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کے بعد سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

بیان میں کہا گیا کہ تنظیم بروز جمعہ قائدِ محترم کی ہدایات کے مطابق ملک بھر میں پُرامن احتجاجی ریلیاں منعقد کرے گی، جبکہ جمعہ سے اتوار تک تعزیتی ریفرنسز، اجتماعی قرآن خوانی اور پریس کانفرنسوں کے ذریعے شہدائے ایران کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا اور عوام کو موجودہ حالات سے آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم علامہ سید ساجد علی نقوی قائدِ ملت جعفریہ پاکستان کے اعلان کردہ یومِ احتجاج، 13 مارچ 2026ء کے عالمی یوم القدس کے احتجاج اور چالیس روزہ سوگ کی مکمل تائید کا اعادہ کرتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شہداء کا مقدس خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ظلم و استبداد کے خلاف آئینی، جمہوری اور پُرامن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ تنظیم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ برادر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف مسلط کی گئی جنگ درحقیقت صہیونی و سامراجی عزائم کا تسلسل ہے جس کا مقصد خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے۔

آخر میں کہا گیا کہ امتِ مسلمہ کو اتحاد، بصیرت اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا اور مظلوم اقوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار جاری رکھنا ہوگا۔