تازه خبریں

ڈاکٹر محمد علی نقوی شہیدؒ کی 31ویں برسی پر سید فتح رضوی کا پیغام

ڈاکٹر شہید محمد علی نقوی کا مشن جاری رہیگا سید فتح رضوی

ڈاکٹر محمد علی نقوی شہیدؒ کی 31ویں برسی — شہداء کے مشن کو آگے بڑھانا وقت کی ضرورت ہے: سید فتح رضوی

جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر کا پیغام، اتحاد و وحدت اور ملی جدوجہد جاری رکھنے پر زور

اسلام آباد، 6 مارچ 2026ء ( ) جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید فتح رضوی نے معروف معالج، باوقار سماجی رہنما اور ملی شخصیت ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی 31ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہیدؒ زندگی کے آخری لمحے تک قومی جماعت اور قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم شہید کے افکار و کردار سے رہنمائی حاصل کریں، ان کے مشن کو آگے بڑھائیں اور قومی جماعت کو مزید مضبوط و فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مرکزی صدر جے ایس او نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید نے اپنی زندگی انسانیت کی خدمت، سماجی بہبود اور ملت کے اجتماعی مفادات کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب معالج تھے بلکہ قومی و ملی امور میں بھی نہایت سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہے۔

سید فتح رضوی کا کہنا تھا کہ ملک میں اتحاد و وحدت کو فروغ دینے اور فرقہ واریت و انتشار کے خاتمے کے لیے علماء، دانشوروں اور کارکنان نے عظیم قربانیاں پیش کیں۔ انہی قربانیوں کے تسلسل میں ڈاکٹر محمد علی نقوی شہیدؒ کی شہادت ایک درخشاں مثال ہے جس نے ملت کے لیے ایثار و وفا کی نئی راہیں متعین کیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی شہیدؒ کی یاد منانے کا اصل مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ان کے دیے ہوئے اصولوں کو عملی زندگی میں اپنایا جائے، مذہب و ملت کی خدمت کو اپنی ذمہ داری سمجھا جائے اور معاشرے میں اتحاد، محبت اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔

مرکزی صدر جے ایس او نے کہا کہ باہمی اخوت اور یکجہتی کو مضبوط بنا کر ہی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے اور یہی شہداء کے مشن کی حقیقی تکمیل ہے۔