تازه خبریں

ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان میں احتجاج

قائد ملت جعفریہ کی اپیل پر ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت اور رہبرِ انقلاب کی شہادت کے خلاف ملک گیر احتجاج

اسلام آباد / راولپنڈی، 6 مارچ 2026ء ( ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای سمیت اہم شخصیات کی شہادت کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

ملک کے مختلف شہروں میں شیعہ علماء کونسل پاکستان، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان (جے ایس او) اور دیگر مذہبی تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاجی اجتماعات منعقد کیے گئے جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ایران کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

جمعہ کے اجتماعات میں ائمہ جمعہ و خطباء نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر عوام کو آگاہ کیا جبکہ قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں امریکہ اور اسرائیل مخالف بینرز، پلے کارڈز، پرچم اور رہبر معظم شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔

اجتماعات میں متفقہ قراردادیں منظور کرتے ہوئے کہا گیا کہ رہبر انقلاب اسلامی اور ان کے خانوادے سمیت نامور شخصیات کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا جاتا ہے۔ قرارداد میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعلان کردہ یوم احتجاج، 13 مارچ 2026ء کے عالمی یوم القدس کے احتجاج اور چالیس روزہ سوگ کے اعلان کی مکمل تائید کا اعادہ کیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ شہداء کا مقدس خون صہیونی اور سامراجی قوتوں کی تباہی کا باعث بنے گا۔ اجتماع میں برادر اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کی اسلامی و انسانی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے ہمیشہ انسانی فلاح و بہبود کو ترجیح دی اور جوہری توانائی کے حصول کے باوجود جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہ ہونے کا واضح اور دو ٹوک مؤقف اختیار کیا۔

شرکاء نے کہا کہ شہید سید علی خامنہ ای مظلومینِ جہان کے لیے توانا آواز اور محروموں کی پناہ گاہ تھے۔ چاہے فلسطین ہو، مقبوضہ کشمیر، روہنگیا کے مظلوم عوام ہوں یا دنیا کے دیگر خطوں میں ہونے والی زیادتیاں، انہوں نے ہمیشہ مظلوم اقوام کی حمایت کی اور عالم اسلام کے اتحاد و وحدت کے لیے کردار ادا کیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ برادر اسلامی جمہوریہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ جنگ کے مقابل ایران کے اقدامات صرف ایران ہی نہیں بلکہ دیگر اسلامی ممالک کو نام نہاد “گریٹر اسرائیل” منصوبے سے بچانے کی کوشش ہیں۔ لہٰذا اسلامی دنیا کو حالات کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے صہیونی و سامراجی عزائم کو ناکام بنانے کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

اجتماع کے شرکاء نے شہید رہبر معظم کی مظلومانہ شہادت پر مسلمانوں، پاکستان کے عوام اور عالم اسلام کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہید رہبر کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

قرارداد میں ملک بھر میں پُرامن احتجاجی مظاہروں کے دوران بلاجواز گرفتار افراد کی فوری رہائی، مقدمات کے خاتمے اور پُرامن مظاہرین پر فائرنگ کرنے والوں کے خلاف شفاف تحقیقات کے بعد قانونی کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اجتماع کے شرکاء نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں ایک ماہ قبل نماز جمعہ کے دوران سجدے کی حالت میں شہید ہونے والے نمازیوں کے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے سانحے کے اصل محرکات سامنے لانے، قاتلوں کو گرفتار کرنے اور متاثرہ خاندانوں کے تحفظات دور کرنے کا مطالبہ کیا۔