قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں آج یوم القدس منایا جائے گا: علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی
آیت اللہ العظمیٰ شہید سید علی خامنہ ای کی شہادت اور امریکی و صہیونی جارحیت کے خلاف بھی بھرپور احتجاج کیا جائے گا
راولپنڈی / اسلام آباد 12 مارچ 2026ء ( جعفریہ پریس پاکستان) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں آج یوم القدس منایا جائے گا اور آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت اور مسلط کردہ ناجائز امریکی سامراج و صہیونی جارحیت کے خلاف بھی بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق مظلوم فلسطینی اور غزہ کی عوام سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے بعد از نماز جمعہ شیعہ علماء کونسل پاکستان، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور دیگر تنظیموں کی جانب سے ملک بھر کے مختلف شہروں میں پرامن احتجاجی قدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔
مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر آج جمعہ کے روز مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کو صہیونی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے احتجاجی ریلیوں اور مختلف تقاریب کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی، ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے اور اسرائیل و اس کے حواریوں کے خلاف کلمہ حق کہنے کا دن ہے۔ ملک بھر کے تمام صوبائی دارالحکومتوں، ڈویژنز، اضلاع، تحصیلوں اور دیہاتوں سمیت گلگت بلتستان سے لے کر آزاد کشمیر تک عوام اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی حمایت میں باہر نکلیں گے۔
علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی نے مزید کہا کہ مظلوم فلسطینی اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کو صہیونی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے عوام احتجاجی ریلیوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عالمی ضمیر بیدار نہیں ہوتا اور قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں کو ان کا حق نہیں ملتا، اس وقت تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔